قومی احتساب بیورو نے سابق وزیر داخلہ احسن اقبال کے جرم کی تفصیل بتا دی انہیں اس لیے گرفتار کیا گیا کہ حکومت کوخدشہ ہے کہ کہیں احسن اقبال ریکارڈ تبدیل کرنے کی کوشش نہ کریں تفصیلات کے مطابق نیب نے پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما احسن اقبال کی کرپشن کی تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ انھوں نے بہ طور وزیر منصوبہ بندی اپنے اختیارات کا نا جائز استعمال کیا۔نیب کے مطابق احسن اقبال نے نارووال اسپورٹس منصوبے کی لاگت کو غیر قانونی طور پر بڑھایا، ساڑے 3 کروڑ کے منصوبے کی لاگت 10 کروڑ تک پہنچائی گئی، ریکارڈ کے مطابق احسن اقبال نے خود سے ہی لاگت بڑھائی، اس کی اجازت سینٹرل ڈیولپمنٹ ورکنگ پارٹی سے نہیں لی گئی۔ نیب کا کہنا ہے کہ 18 ویں ترمیم کے تحت منصوبہ 2012 میں ریکارڈ سمیت صوبے کے حوالے کیا گیا تھا، احسن اقبال نے بین الصوبائی رابطہ کے ذریعے 20 کروڑ مزید جاری کرائے، منصوبہ صوبے کے پاس ہونے پر وزارت بین الصوبائی رابطہ نے رقم جاری کرنے کا نہیں کہا، ایک بار اختیارات کا نا جائز استعمال کر کے صوبائی منصوبے میں مداخلت کی گئی۔نیب ذرایع نے بتایا کہ منصوبے کو پی سی ون پر نظر ثانی کر کے 3 ارب روپے تک پہنچا دیا گیا تھا، حاصل کیے گئے ثبوتوں سے احسن اقبال کا جرم ثابت ہوتا ہے، خدشہ ہے کہ کہیں احسن اقبال ریکارڈ تبدیل کرنے کی کوشش نہ کریں۔ نیب راولپنڈی نے احسن اقبال کو نارووال اسپورٹس سٹی کرپشن کیس میں گرفتار کر لیا ہے اور انھیں آج احتساب عدالت میں پیش کیا گیا۔
