انا للہ و انا الیہ راجعون

ایرانی صدر آیت اللہ سید ابراہیم رئیسی، وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان، نمایندہ ولی فقیہ آیت اللہ آل ہاشم اور صوبہ آذربائیجان کے گورنر مالک رحمتی ہیلی کاپٹر حادثے میں شہید ہوگئے ہیں۔
انا للہ و انا الیہ راجعون
خادم الرضا (ع) اور اسلامی جمہوریہ ایران کے آٹھویں صدر آیت اللہ سید ابراہیم رئیسی کا ہیلی کاپٹر اتوار کی شام 19 مئی کو قیز قلعہ سی ڈیم کا افتتاح کرکے تبریز شہر کی جانب لوٹتے وقت حادثے کا شکار ہوگیا۔ اس سانحے میں صدر مملکت آیت اللہ سید ابراہیم رئیسی نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ جام شہادت نوش کرلیا۔
نگہبان کونسل کے ترجمان ہادی طحان نظیف نے صدر مملکت اور ان کے ساتھیوں کی شہادت پر تعزیت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان عزیزوں نے شب ولادت باسعادت امام رضا میں اپنی بے لوث خدمت کا صلہ پا لیا اور عوام ان کی زحمتوں کے قدرداں ہیں۔

نگہبان کونسل کے ترجمان نے کہا کہ ملک کے آئین میں اس قسم کے حادثات کی صورت میں ضروری پیش بندی کی گئی ہے اور رہبر معظم کی موافقت سے نائب صدر، صدرمملکت کے فرائض اور اختیارات سنبھالیں گے اور عدلیہ و مقننہ کے سربراہوں اورنائب صدر پر مشتمل کونسل 50 دن کے اندر انتخابات کرانے کی پابند ہوگی۔ انھوں نے کہا کہ جیسا کہ رہبر معظم انقلاب اسلامی نے فرمایا ہے، ملک میں قانون کی عملداری میں کوئی خلل واقع نہیں ہوگا۔

اسلامی جہہوریہ ایران کے آئین کی دفعہ 131 کے مطابق صدر مملکت کے انتقال، استعفی، غیبت، یا دو مہینے سے زیادہ بیمار رہنے یا ایسی صورتحال پیدا ہونے پر کہ موجودہ صدر کی میعاد ختم ہوگئی ہو اور بعض و جوہات سے نئے صدر کا انتخاب نہ ہوا ہو یا اسی قسم کی دوسری صورتحال پیش آںے پر، نائب صدر، رہبر انقلاب اسلامی کی موافقت سے صدر مملکت کے اختیارات و فرائض سنبھالے گا اور پارلیمنٹ کے اسپیکر، عدلیہ کے سربراہ اور نائب صدر پر مشتمل کونسل کا فریضہ ہوگا کہ 50 دن کے اندر نئے صدر کا انتخاب کرائے اور نائب صدر کے انتقال کی صورت میں یا اس کے فرائض کی انجام دہی میں کوئی رکاوٹ درپیش ہونے کی صورت میں اور اسی طرح اس صورت میں کہ نائب صدر نہ ہو، رہبر معظم انقلاب اسلامی اس کی جگہ پر کسی دوسرے شخص کو منصوب کریں گے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کی شہادت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے ملک بھر میں یوم سوگ اور پرچم سرنگوں رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے ایکس پر ایک تعزیتی پیغام جاری کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ایک ماہ قبل پاکستان کو صدر رئیسی اور وزیر خارجہ ڈاکٹر حسین امیرعبداللہیان کے تاریخی سفر اور میزبانی کا فخر حاصل ہوا تھا۔ وہ پاکستان کے اچھے دوست تھے۔ لہذا پاکستان میں ایک دن عام سوگ کا اعلان کیا جاتا ہے اور صدر رئیسی اور ان کے ساتھیوں کے احترام اور ایران کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے پرچم سرنگوں رہے گا۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز نے ہیلی کاپٹر حادثے میں ایرانی صدرا براہیم رئیسی اور ان کے رفقاء کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔وزیر اعلیٰ مریم نواز نے سوگوار خاندانوں اور ایرانی عوام سے ہمدردی و تعزیت کا اظہا رکیا ہے۔ وزیر اعلیٰ  نے کہا کہ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کی شہادت ایران کیلئے ناقابل تلافی نقصان ہے۔ ایران کے عوام کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔ پاکستان اور ایران کے تعلقات کے لئے ابراہیم رئیسی کی خدمات کو فراموش نہیں کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ لکھیں