حضرت امام خمینی رحمت اللہ علیہ کی برسی کی مناسبت سے اسلام آباد میں ایک سیمینار منعقد ہوا جس میں پاکستان کی ممتاز شخصیات نے شرکت کی۔
سلام آباد کے جامعہ امام صادق دینی مرکز میں حضرت امام خمینی رحمت اللہ علیہ کی برسی کے اس پروگرام میں پاکستان میں ایران کے سفیر اور پاکستان کے ممتاز شیعہ اور سنی عمائدین نے شرکت کی۔
ایران کے سفیر رضا امیری مقدم، ایرانی سفارت خانے کے ثقافتی اتاشی مجید مشکی، صوبائی نظام المدارس پاکستان کے سربراہ نفیس الحسن قادری، لاہور کے حوزہ علمیہ عروۃ الوثقی کے علامہ علی رضا مطہری اور بعض دیگر اہم شخصیات نے اپنے خطاب میں حضرت امام خمنی رحمت اللہ علیہ کی شخصیت اور اتحاد امت اسلامیہ کے بارے میں آپ کے افکار و نظریات کا جائزہ لیا۔
سیمینار سے خطاب میں ایران میں ہیلی کاپٹر سانحے میں صدر آیت اللہ سید ابراہیم رئیسی ، وزیر خارجہ حسین امیر عبداللّہیان اور ان کے ساتھیوں کی شہادت کا بھی ذکر کیا
ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے اس سیمینار سے خطاب میں کہا کہ گزشتہ 45 برسوں کے دوران ، مسلط کردہ جنگ، اقتصادی پابندیاں، معاشی جںگ اور انواع و اقسام کی دہشت گردی منجملہ اقتصادی، فوجی اور ماحولیاتی دہشت گردی کی شکل میں ایران کو سخت ترین چیلنجوں کا سامنا رہا لیکن ان تمام چیلنجوں اور مشکلات و مسائل کے باوجود اسی طرح سربلند و سرافراز ہے ۔
انھوں نے کہا کہ پاکستان میں اسلامی انقلاب سے متعلق پروگراموں، منجملہ حضرت امام خمینی رحمت اللہ علیہ کی برسی کے پروگراموں میں عورتوں اور مردوں سمیت بہت بڑی تعداد میں پاکستانی عوام کی پرجوش شرکت قابل ستائش ہے۔
اس پروگرام میں شعرا نے انقلابی نظمیں پڑھیں اور اسلامی انقلاب نیز حضرت امام خمینی رحمت اللہ علیہ سے اپنی والہانہ وابستگی اور عقیدت کا اظہار کیا