ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن نے اسسٹنٹ کمشنرز اور مجسٹریٹس کی ہفتہ وار کارکردگی اجلاس کی صدارت کی اور گزشتہ ایک ہفتے کے دوران کئے گئے مختلف اقدامات کا جائزہ لیا۔ضلعی انتظامیہ کے ترجمان کے مطابق اجلاس میں ڈینگی سے نمٹنے، مویشی منڈیوں کے انتظامات اور قیمتوں کو کنٹرول کرنے کی کوششوں پر توجہ مرکوز کی گئی۔اجلاس کے دوران حکام نے بتایا کہ گزشتہ ہفتے 250 مقامات پر ڈینگی لاروا پایا گیا، حالانکہ شہر میں ڈینگی کا کوئی نیا کیس رپورٹ نہیں ہوا ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے ڈینگی پر قابو پانے کے لیے شہریوں کے ساتھ مل کر مشترکہ مہم چلانے کی ضرورت پر زور دیا۔اجلاس میں اسلام آباد میں پانچ مقامات پر مویشی منڈیوں پر بھی بریفنگ دی گئی جس میں بتایا گیا کہ منڈیوں میں صاف پانی کی فراہمی اور سایہ دار جگہ سیمت دیگر سہولیات فراہم کی جا رہی ہے، متعلقہ اداروں کی ٹیمیں بشمول سیکورٹی اور لائیو سٹاک کارروائیوں کو یقینی بنانے کے لیے سائٹ پر تعینات ہیں۔
اجلاس میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ کمی کے بعد ٹرانسپورٹ کرایوں میں کمی پر بھی بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایات پر عمل نہ کرنے پر دو پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو شوکاز نوٹس جاری کر دیئے۔ڈپٹی کمشنر عرفان نوازمیمن نے اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ اپنے دفاتر کو عوام کے لیے ہمہ وقت کھلے رکھیں اس بات کو یقینی بنائیں کہ شہریوں اور بیوپاریوں کو بالخصوص مویشی منڈیوں میں تمام ضروری سہولیات فراہم کی جائیں ۔اجلاس میں ڈینگی کی روک تھام، مارکیٹ مینجمنٹ اور پرائس کنٹرول پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے شہر کو متاثر کرنے والے اہم مسائل کو حل کرنے کے لیے مختلف محکموں کی مشترکہ کوششوں پر روشنی ڈالی گئی۔