معدے میں خرابی یا درد ایک عام مسئلہ

معدے میں خرابی یا درد ایک عام مسئلہ ہے، جس سے ہر دوسرا شخص متاثر ہے اور اگر یہ درد سوجن یا سوزش میں تبدیل ہو جائے تو کافی بے چینی کا باعث بنتا ہے۔

اس مرض کی عام علامات میں متلی، بد ہضمی، قے، اَپھارہ (گیس)، اسہال یا قبض شامل ہیں۔

معدے میں تکلیف کی کئی وجوہات ہو سکتی ہیں مگر بیشتر وجوہات مریض کے لیے خطرے کا باعث نہیں ہوتیں، چنانچہ مریض جلد ہی درد سے نجات حاصل کر لیتا ہے۔

معدے میں خرابی کا علاج بھی ان وجوہات کی بنیاد پر گھر میں ہی کیا جاتا ہے، اگر کوئی معدے میں خرابی کی کیفیات محسوس کر رہا ہے تو اس سے نجات کے لیے کچن میں موجود مندرجہ ذیل غذائیں فائدہ مند ثابت ہو سکتی ہیں، ان کو استعمال کر کے درد میں بہتری اور طبیعت کی جلد بحالی محسوس ہو گی۔

ادرک

ادرک --- فائل فوٹو

زمانۂ قدیم سے یہ بات مشہور ہے کہ نظامِ ہضم اور شکم کے امرا ض سے نجات کے لیے ادرک کا استعمال خاصا فائدہ مند ہے، دورِ جدید میں بھی ادرک پر ہونے والی مختلف تحقیقات یہ ثابت کر چکی ہیں کہ پیٹ یا معدے کے درد کی کچھ اقسام میں ادرک کا استعمال مؤثر ہے، طبی ماہرین کے مطابق کچی، پکی ہوئی اور اُبلی ہوئی ادرک ہر حالت میں مؤثر ہے۔

ادرک کو چبانا یا پھر بطور سپلیمنٹ کھانا مریض کے لیے آسان ثابت ہوتا ہے، یہی نہیں، چائے میں بھی اکثر افراد ادرک ڈالنے کو ترجیح دیتے ہیں، اس کے لیے ادرک کی کچھ مقدار لیں اور چائے میں ڈال کر معدے کے درد سے نجات کے لیے استعمال کریں، ایک ٹکڑا ادرک پیس کر اسے ڈیڑھ پیالی ابلے ہوئے پانی میں ملا کر ٹھنڈا کر لیں، بعد ازاں تھوڑا سا شہد ملا کر پیئیں۔

پودینہ

پودینہ --- فائل فوٹو
 

پیٹ کے درد یا معدے میں گڑ بڑ سے نجات کے لیے پودینے کا استعمال مفید سمجھا جاتا ہے، اس کی بنیادی وجہ پودینے کی پتیوں میں موجود مینتھول کی دافِع دَرد خصوصیات ہیں، جو مریض کو جلد شفایاب کرنے کا باعث بنتی ہیں۔

معدے میں درد سے نجات کے لیے پودینے یا کالی مرچ کی چائے استعمال کی جا سکتی ہے، اس کے علاوہ پودینے کو درد میں سونگھنا بھی مریض کے لیے باعثِ شفا ہوتا ہے، پیٹ درد میں اگر پودینے کے پتے کھا لیے جائیں تو درد میں آرام آنے کے ساتھ سکون بھی ملتا ہے۔