میڈیا نمائندوں پر تشدد قابل مذمت ہے وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کو چاہیے کہ وہ اس شرم ناک واقعہ پر اپنی حکومت کی جانب سے میڈیا سے معذرت کریں‘
جب تک معذرت نہ کی جائے پنجاب حکومت کے کسی بھی وزیر کو پریس کلبوں میں مدعو نہ کیا جائے‘ پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس(ڈیموکریٹس) کے اجلاس میں پنجاب پولیس کی جانب سے میڈیا کے نمائندوں پر تشدد اور انہیں حراست میں لینے کے واقعہ کی شدید مذمت کی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ پنجاب پولیس نے یہ سب کچھ وزیر اعلی پنجاب‘ وزیر اعظم شہباز شریف‘ وزیر داخلہ کی براہ راست ہدائت پر یہ کام کیا ہے‘ حالانکہ میڈیا کے نمائندے تحریک نصاف کے راولپنڈی میں ہونے والے مظا ہرے میں شریک ہونے کیلیے آنے والے قافلوں کی کوریج کر رہے تھے اور میڈیا کے نمائندے کسی بھی سیاسی جماعت کے ہامی ہیں اور نہ مخالف‘ یہ تو اپنی پیشہ وارانہ ذمہداری ادا کرتے ہیں اور جو سچ ہوتا ہے وہی بیان کرتے ہیں اور دکھاتے ہیں‘ پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس(ڈیموکریٹس) کا اجلاس ہفتہ کی شام اسلام آباد میں ہوا‘ جس کی صدارت پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس(ڈیموکریٹس) کے سیکرٹری راجا توحید نے کی‘ انہوں نے کہا کہ میڈیا کے نمائندوں پر تشدد قابل مذمت واقعہ ہے اور وزیر اعلی پنجاب کو چاہیے کہ وہ اس شرم ناک واقعہ پر اپنی حکومت کی جانب سے میڈیا سے معذرت کریں اور جن پولیس اہل کاروں نے اپنے اختیارات سے تجاوز کیا ہے انہیں محکمانہ کارروائی کے بعد سزا دی جائے اور حقائق بھی سامنے لائے جائیں
