پاکستان تحریک انصاف کے نائب صدر اور سابق مرکزی ڑہٹی سیکرٹری انفارمیشن انجینئر افتخار چوہدری نے دو ممتاز سیاسی رہنماؤں، اعتزاز احسن اور احمد رضا قصوری کو ایک اہم خط لکھا ہے، جس میں انہیں ڈی چوک کے دھرنے میں شرکت کی دعوت دی ہے۔ اس خط میں انجینئر افتخار چوہدری نے دونوں رہنماؤں کی جمہوریت کے لیے قربانیوں کی تعریف کی اور ان سے درخواست کی کہ وہ اس تاریخی دھرنے میں شریک ہوں تاکہ ملک میں حقیقی جمہوریت کی بحالی کے لیے آواز بلند کی جا سکے۔
انجینئر افتخار چوہدری نے اپنے خط میں کہا، “میں اعتزاز صاحب، آپ کو اچھی طرح جانتا ہوں، ہم نے لائرز موومنٹ میں ایک ساتھ جدوجہد کی ہے۔ آپ کی جمہوریت کے لیے کی گئی قربانیوں کا میں گواہ ہوں اور آپ جانتے ہیں کہ میں وہ شخص ہوں جس نے آپ کی ایک غزل پر اٹھ کالم لکھے تھے۔ آپ اور احمد رضا قصوری دونوں اُس عمر کے حصے میں ہیں جس میں میں بھی ہوں، اور یہ وقت ہے کہ ہم سب مل کر ملک کے لیے کچھ اچھا کریں۔”
انہوں نے مزید کہا، “عمران خان کی بیوی نے جو پکارا ہے، اسلام آباد اور راولپنڈی کے لوگوں کو ان کی مدد کے لیے بلایا ہے۔ آپ دونوں ان ہی شہروں میں رہتے ہیں، تو میری آپ سے درخواست ہے کہ آپ اس نیک مقصد میں اپنا کردار ادا کریں اور اپنے ہزاروں فالوورز کو بھی اس دھرنے میں شریک ہونے کی دعوت دیں۔”
انجینئر افتخار چوہدری نے اس بات پر زور دیا کہ یہ دھرنا صرف پٹھانوں کا نہیں ہے بلکہ پورے پاکستان کے عوام کا دھرنا ہے، جس میں ہر صوبے سے لوگ شریک ہوں گے۔ انہوں نے کہا، “ہمیں اس وقت قوم کی حمایت کی ضرورت ہے، اور پنڈی کے عوام، خاص طور پر این اے 57 اور پی پی 19 کے لوگوں سے میری درخواست ہے کہ وہ اپنے بھائیوں کے لیے کمبل، کپڑے، کھانا، پانی اور دیگر ضروری سامان لے کر آئیں تاکہ ہم اپنے محنتی ساتھیوں کی مدد کر سکیں۔”
انجینئر افتخار چوہدری نے اسلام آباد اور راولپنڈی کی قیادت سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ اس تحریک کی حمایت میں اٹھ کھڑے ہوں اور اپنے مقصد کے لیے باہر آئیں۔ “یہ وقت ہے کہ آپ اپنے حق کے لیے لڑیں، اور عمران خان کی بیوی کی پکار کا جواب دیں، کیونکہ یہ محض ایک سیاسی دھرنا نہیں، یہ پاکستان کی تقدیر کا سوال ہے۔”
انجینئر افتخار چوہدری نے مزید کہا: “یہ دھرنا وہ سنگ میل ثابت ہو سکتا ہے جس سے پاکستان کی سیاست میں حقیقی تبدیلی آ سکے۔ ہم سب کو متحد ہو کر اس مقصد کے لیے کام کرنا ہوگا۔