پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور پنجاب کے نائب صدر انجینئر افتخار چودھری نے محترمہ عظمیٰ بخاری کے حالیہ بیان پر سخت ردعمل دیا ہے، جس میں انہوں نے پختون کارڈ کھیلنے کا الزام علی امین گنڈاپور پر عائد کیا تھا۔
انجینئر افتخار چودھری نے کہا کہ محترمہ عظمیٰ بخاری کا یہ بیان ان کی تنگ نظری اور گریٹر پنجاب کے ایجنڈے کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا، “آپ سے ایسی باتیں زیب نہیں دیتیں، آپ نے جو بیج بوئے ہیں، ان سے پھول اگنے کی توقع نہ کریں۔ پختون قوم ان لاشوں کو کبھی نہیں بھولے گی جو ڈی چوک سے بھیجی گئیں۔ یہ مظالم ایک نئے لال مسجد جیسے واقعے کی یاد دلاتے ہیں، جس کی آگ میں پاکستان جلتا رہا۔”
انہوں نے مزید کہا کہ محترمہ بخاری کی سیاست تقسیم اور تعصب پر مبنی ہے، اور وہ ملکی اتحاد کو نقصان پہنچانے کی مرتکب ہو رہی ہیں۔ “پختونوں کے خلاف نفرت انگیز بیانیے اور ان کی قربانیوں کو فراموش کرنا اس قوم کو مزید اشتعال دلائے گا۔”
انجینئر افتخار نے واضح کیا کہ پاکستان تحریک انصاف تمام قومیتوں کی نمائندہ جماعت ہے اور پختونوں کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔ انہوں نے کہا، “ہم ملک کے تمام طبقات کو متحد کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، اور ایسے بیانات قومی وحدت کو سبوتاژ کرنے کے مترادف ہیں۔”
انہوں نے عظمیٰ بخاری کو خبردار کیا کہ وقت آنے پر قوم آپ کے ان بیانات کا جواب دے گی، اور آپ کو اپنی پالیسیوں پر نظرثانی کرنی ہوگی۔
