سخت ردعمل

پاکستان تحریک انصاف کے نائب صدر انجینئر افتخار چوہدری نے اپنے ایک سخت ردعمل میں امیر مقام اور خواجہ آصف کے بیانات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ دونوں حکومتی ترجمان دڑبے سے نکلنے والے مرغوں کی طرح ایک ہی اذان دے رہے ہیں کہ عمران خان نے چوری کی ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ عمران خان نے کوئی چوری نہیں کی، بلکہ قوم کے وسائل کا تحفظ کیا۔
انہوں نے کہا کہ امیر مقام خواجہ آصف کے گواہ ڈڈو بنے ہوئے ہیں، جو ایک ہی رٹ لگائے جا رہے ہیں کہ عمران خان نے لوٹ مار کی ہے۔ حقیقت تو یہ ہے کہ اصل چور وہ ہیں جنہوں نے ملک کے وسائل پر شب خون مارا۔ حسین نواز کی پراپرٹی اور ملک ریاض سے مہنگے داموں خریدی گئی زمین اس کی واضح مثال ہیں۔ 90 ارب روپے کی رقم کا معاملہ دبئی کے اکاؤنٹ میں منتقل ہوا اور پھر سپریم کورٹ کے اکاؤنٹ میں جمع کرایا گیا۔ برگیڈیئر مصدق عباسی نے اس پورے معاملے کی حقیقت قوم کے سامنے واضح کی، لیکن یہ وزراء حقیقت کو تسلیم کرنے کے بجائے جھوٹ بولنے میں مصروف ہیں۔
انجینئر افتخار چوہدری نے مزید کہا کہ امیر مقام اور خواجہ آصف جیسے لوگ اپنی ناکامیوں کو چھپانے کے لیے عمران خان پر الزام تراشی کر رہے ہیں، لیکن قوم اب ان کے جھوٹے پروپیگنڈے سے واقف ہو چکی ہے۔ عمران خان کا دامن صاف ہے اور ان کی جدوجہد ملک کو کرپشن سے پاک کرنے کی ہے، جبکہ یہ لوگ اپنی کرپشن چھپانے کے لیے گواہ ڈڈو بنے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف اپنی جدوجہد جاری رکھے گی اور ان وزراء کے جھوٹے الزامات کو مسترد کرتی ہے۔ قوم اچھی طرح جانتی ہے کہ کون لوٹ رہا ہے اور کون ملک کے لیے قربانیاں دے رہا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں