حکومتی فیصلہ کی شدیدمذمت

جماعت اسلامی کی سیاسی کمیٹی کے صدرمیاں طاہرایوب نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی نہ کرنے اور پٹرولیم لیوی کو 70روپے فی لٹرسے بڑھاکر78روپے کرنے کے حکومتی فیصلہ کی شدیدمذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ وزیراعظم کی طرف سے پٹرولیم مصنوعات میں کمی کافائدہ عوام کو پہنچانے کی بجائے ایک صوبے پر خرچ کرنے کافیصلہ انتہائی افسوسناک ہے، صوبوں پرخرچ کرنا عوام کی نہیں حکومت کی ذمہ داری ہے،عوام پہلے ہی درجنوں قسم کے ٹیکس اسی مد میں اداکررہی ہے،یہ دنیابھرمیں حکومتی بددیانتی کی بدترین مثال ہے۔مہنگائی کی چکی میں پسے عوام کو اگرکوئی ریلیف میسرآنے کی امیدہوئی تو حکومت نے عوام کی امیدوں پر پانی پھردیا ہے۔حکمران ارکان اسمبلی،وزراء اور مشیران کی تنخواہوں اور ان کے استعمال میں آنے والی گاڑیوں کے پٹرول میں کمی کرکے صوبوں کے اخراجات اداکرے نہ کہ اپنی ساری عیاشیوں کا بوجھ عوام پر ڈالے۔انہوں نے کہا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں کم ترین سطح پر آنے کے باوجود شہبازحکومت اس کا پورا فائدہ عوام کو نہیں پہنچنے دے رہی ہے۔ صوبوں کا ڈھونگ رچاکرعوام کوان کے حق سے محروم کردیا ہے۔ ریلیف کے بجائے لیوی ٹیکس60 روپے بڑھاکر 78روپے کردینا عوام کے ساتھ سراسرظلم ہے۔انہوں نے مطالبہ کیاکہ وزیر اعظم حکومتی اخراجات میں کفایت شعاری پر اس کی روح کے مطابق عمل درآمد کو یقینی بنا ئیں۔ وفاقی کابینہ مختصر رکھیں، وزرا کے شاہانہ پروٹوکول اور مراعات کوختم کریں، مختلف حکومتی اداروں کے اعلیٰ ترین عہدوں پر فائز بیورو کریسی کے اخراجات محدود کیے جائیں اور انہیں مفت فراہم کی جانے والی بجلی، گیس، پیٹرول، رہائش و خوراک وغیرہ کی سہولتوں میں خاطر خواہ کمی کر دی جائے تو حکومت کو اس کے نتیجے میں عوام کو بہتر معیار زندگی کی فراہمی کے لیے وافر وسائل دستیاب ہو سکتے ہیں۔