سنٹر فار انٹرنیشنل اسٹریٹجک اسٹڈیز اسلام آباد میں دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس کا موضوع “ابھرتی ٹیکنالوجیز کے دور میں نیوکلیئر ڈیٹرنس”تھا ، اس اہم کانفرنس میں دنیا بھر سے ماہرین نے شرکت کی۔
کانفرنس کے مہمان خصوصی چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا تھے۔ کانفرنس کا مقصد عالمی اسٹریٹجک مسائل پر تعمیری مکالمہ قائم کرنا، پاکستان کے نقطہ نظر کو اجاگر کرنا تھا ۔
جنرل ساحر شمشاد مرزا نے درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے مذاکرات اور تعاون جاری رکھنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جنوبی ایشیا میں امن واستحکام وسیع تر جیو اسٹریٹیجک توازن سے ہی حاصل کیا جا سکتا ہے۔
اس کانفرنس میں اقوام متحدہ، چین، روس، کینیڈا، سوئٹزرلینڈ، امریکا، آسٹریلیا اور یورپ سے تعلق رکھنے والے ممتاز ماہرین نے شرکت کی، جبکہ ممتاز بین الاقوامی اداروں کے نمائندوں نے بھی گلوبل نیوکلیئر پالیسیوں پر اظہارِ خیال کیا۔