“قوم اداروں کے ساتھ ہے، اندرونی اختلافات کا دشمن کو فائدہ نہیں اٹھانے دیں گے” – انجینئر افتخار چوہدری

اسلام آباد (رپورٹ) پاکستان تحریک انصاف کے نائب صدر اور حلقہ یارانِ وطن کے چیئرمین انجینئر افتخار چوہدری نے کہا ہے کہ اس نازک وقت میں اسٹیبلشمنٹ کو اپنی ضد چھوڑتے ہوئے عمران خان کو رہا کرنا چاہیے، کیونکہ پوری قوم ان کے ساتھ ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگرچہ کچھ داخلی سطح پر ناراضگیاں ضرور ہیں، لیکن اس کا مطلب ہرگز یہ نہیں کہ قوم اپنے اداروں کے خلاف کھڑی ہو گئی ہے۔ قوم اپنے اداروں کی پشت پر ہے، اور بھارت کو یہ بات اچھی طرح سمجھ لینی چاہیے کہ پاکستانی قوم غیرت مند ہے، وہ دشمن کے لیے کبھی بھی نرم چارہ نہیں بنے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ دشمن اگر یہ سمجھتا ہے کہ داخلی سیاسی اختلافات کا فائدہ اٹھا کر پاکستان کو کمزور کر سکتا ہے، تو یہ اس کی بہت بڑی بھول ہے۔ پاکستانی قوم کل بھی متحد تھی، آج بھی متحد ہے، اور اگر وقت آیا تو ہم البدر اور الشمس کی طرح اپنے وطن کے لیے ہر محاذ پر لڑیں گے۔
انجینئر افتخار چوہدری نے کہا کہ یہ وقت قوم کو بانٹنے کا نہیں، جوڑنے کا ہے، اور ہم امید رکھتے ہیں کہ ادارے بھی اس صورتحال کو سمجھیں گے اور عوام کے جذبات کا احترام کریں گے۔