وزیر حج و عمرہ کی جانب سے طوافہ کمپنی الراجحی کو بہترین سروس پر ایوارڈ آف ایکسی لینس جاری

مکہ مکرمہ:

پاکستانی عازمین حج کو سہولیات فراہم کرنے والی طوافہ کمپنی الراجحی کو مل گیا بڑا اعزاز۔ پاکستانی عازمین حج کو مشاعر کیلئے نسک کارڈز کی فراہمی کا ہوا قبل از وقت آغاز۔ تفصیلات کے مطابق سعودی وزیر حج و عمرہ کی جانب سے پاکستانی عازمین حج کے لیے ہائر کی گئی سعودی طوافہ کمپنی الراجحی کو بہترین سروس پر سرٹیفیکیٹ آف ایکسی لینس سے نوازا گیا۔ طوافہ کمپنی الراجحی کے چیئرمین بندر الراجحی نے ایوارڈ حاصل کرنے کے بعد ڈی جی حج عبدالوہاب سومرو سے رابطہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان حج مشن کے مثالی تعاون اور بہترین رابطہ کاری کی بدولت ایکسیلنسی ایواڈ ملنے پر بے حد خوش ہیں۔ انہوں نے ایکسیلنس ایوارڈ کی خوشی میں اعزازی طور پر 3 ہوٹلوں کے رہائشی پاکستانی عازمین کو مدینہ منورہ کی زیارتیں بھی کروائیں۔ 14 خصوصی بسوں کے ذریعے عازمین حج کو مدینہ طیبہ کے اسلامی تاریخی مقامات کی زیارات کروائی گئی۔ ڈی جی حج عبدالوہاب سومرو نے طوافہ کمپنی الراجحی کو ایکسی لینسی ایواڈ ملنے پر خوشی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی زائرین کی اس پرخلوص خدمت پر طوافہ کمپنی الراجحی کا تہہ دل سے مشکور ہوں۔ انہوں نے قوی امید کا اظہار کیا کہ حج آپریشن 2025 کے دوران الراجحی کمپنی سہولت و خدمت کے نئے معیار قائم کرے گی اور پاکستانی عازمین کو دوران حج مشاعر کے پانچ ایام میں بھی الراجحی کے زیر انتظام بہترین سہولیات میسر آئیں گی۔