بھارت نے ایک بار پھر کھیل کو سیاست سے آلودہ کرتے ہوئے ایشیا کپ 2025 سے دستبرداری کا فیصلہ کر لیا ہے۔ بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے رواں سال ہونے والے مینز ایشیا کپ اور ویمنز ایمرجنگ ایشیا کپ میں شرکت نہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق مینز ایشیا کپ ستمبر میں جبکہ ویمنز ایمرجنگ ایشیا کپ جون میں سری لنکا میں شیڈول ہے، تاہم بھارت نے دونوں ایونٹس سے پیچھے ہٹنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
بی سی سی آئی کے ایک اہلکار کے مطابق بھارت اس لیے ٹورنامنٹ میں شرکت نہیں کرے گا کیونکہ ایشین کرکٹ کونسل (ACC) کے موجودہ صدر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی ہیں، جو بقول بھارتی اہلکار “پاکستانی وزیر” بھی ہیں۔
بی سی سی آئی نے فی الحال ویمنز ایمرجنگ ایشیا کپ سے علیحدگی کا زبانی طور پر اے سی سی کو بتا دیا ہے، جبکہ دیگر ایونٹس کو بھی روکنے کی بات کی جا رہی ہے۔ بھارتی بورڈ کا کہنا ہے کہ وہ اس سلسلے میں اپنی حکومت سے مشاورت کر رہا ہے۔
ذرائع کا دعویٰ ہے کہ بھارت نے اب تک باضابطہ طور پر ایشیا کپ سے دستبرداری کا اعلان نہیں کیا، مگر تیاری مکمل ہے۔ بھارت کی جانب سے یہ قدم پاک بھارت کشیدگی کے تناظر میں اٹھایا جا رہا ہے، حالانکہ موجودہ ایشیا کپ بھارت میں ہی شیڈول ہے اور وہ دفاعی چیمپئن بھی ہے۔