سکول بس پر دہشت گرد حملے کی مذمت

صدرمملکت آصف علی زرداری اوروزیراعظم  شہباز شریف نے خضدار میں سکول بس دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے ۔صدر مملکت آصف علی زرداری کی بلوچستان میں بھارتی حمایت یافتہ د ہشتگردوں کی جانب سے سکول بس پر دہشت گرد حملے کی مذمت کی گئی ، آصف زرداری نے کہا کہ سکول جانے والے معصوم بچوں پر حملے انسانیت سوز اور گھنائونا جرم ہے، بھارت پاکستان کے خلاف د ہشتگردوں کی حمایت میں ملوث ہے، بھارت کے حمایت یافتہ د ہشتگردوں کا مکمل طور پر قلع قمع کریں گے۔صدر مملکت  نے کہا کہ پاکستان میں بھارتی حمایت سے ہونے والی دہشتگردی کو عالمی سطح پر بے نقاب کریں گے، بھارت پاکستان میں دہشتگردی کی کاروائیوں کیلئے دہشتگردوں کو سپورٹ فراہم کررہا ہے، دہشتگرد تعلیم اور انسانیت کے دشمن ہیں۔ا نہوںنے کہا کہ  دہشت گرد ملکی ترقی اور صوبے کی خوشحالی کے دشمن ہیں، دہشت گرد بلوچستان کو ترقی کرتا نہیں دیکھنا چاہتے۔ وزیراعظم شہبازشریف نے دہشتگرد حملے میں معصوم بچوں اور ان کے اساتذہ کی شہادت پر رنج و ملال کا اظہار کیا اور بچوں کے والدین کے ساتھ ہمدردی کا اظہارکرتے ہوئے  ذمہ داران کے فوری تعین اور انہیں قرار واقعی سزا دلوانے کی ہدایت کی۔انہوں نے واقعہ میں زخمیوں کو ترجیحی بنیادوں پر فوری طبی امداد فراہم کرنے کے ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے دہشتگردوں کا سکول بس میں معصوم بچوں پر حملہ ان کی بلوچستان میں تعلیم  دشمنی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔وزیرِ اعظم نے کہا کہ دہشتگردوں نے سکول بس پر حملہ کرکے درندگی کی تمام حدیں پار کیں، بھارتی سرپرستی میں پلنے والے ان دھشتگردوں کو ان کے انجام تک پہنچا کر دم لیں گے، بھارتی حمایت یافتہ ان دھشتگردوں کے بلوچستان کے امن کو خراب کرنے کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانے کیلئے کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کے مستقبل، ننھے و معصوم بچوں کو نشانہ بنانے والے ان دہشتگردوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا،  مجھ سمیت پوری قوم کی ہمدردیاں دھشتگردوں کی بربریت کا نشانہ بننے والے ان معصوم بچوں کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں، سیکیورٹی فورسز اور حکومت پاکستان ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پر عزم اور متحد ہیں۔