شہادتِ امام حسینؐ صرف تاریخ کا ایک باب نہیں، بلکہ ہمارے دین کی روح ہے،،

کراچی / اسلام آباد / لاہور (5 جولائی 2025) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے یومِ عاشورہ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ عاشورہ ہمیں حق اور باطل، عدل اور ظلم کے درمیان ابدی جنگ کی یاد دلاتا ہے۔ کربلا میں حضرت امام حسین علیہ السلام، ان کے اہلِ بیت اور جاں نثار ساتھیوں کی عظیم قربانی ہر اُس انسان کے لیے مشعلِ راہ ہے جو ظلم کے خلاف کھڑا ہوتا ہے اور حق پر ڈٹا رہتا ہے۔ میڈیا سیل بلاول ہاؤس سے جاری کردہ پریس رلیز کے مطابق، پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ شہادتِ امام حسینؐ صرف تاریخ کا ایک باب نہیں، بلکہ ہمارے دین کی روح ہے۔ یہ قربانی ہمیں ہمت، صبر، اور ناانصافی کے خلاف ڈٹ جانے کا درس دیتی ہے۔ کربلا ہمیں سکھاتا ہے کہ ظلم چاہے کتنا ہی طاقتور ہو، اُس کے سامنے سر جھکانا مومن کا شیوہ نہیں۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے قوم پر زور دیا کہ وہ عاشورہ کا دن عقیدت، وقار اور تمام مسالک کے احترام کے ساتھ منائیں اور اس عظیم قربانی کے اصل پیغام کو فروغ دیں جو اتحاد و امن ہے۔ آئیے، ہم حضرت امام حسینؐ کی میراث سے حوصلہ لے کر ایک ایسا پاکستان بنائیں جو ناانصافی، فرقہ واریت اور خوف سے پاک ہو۔