نائب امیر جماعتِ اسلامی، سیکرٹری جنرل مِلی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے منصورہ میں مرکزی تربیت گاہ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 78 ویں یومِ آزادی کو پوری قوم عزمِ نو اور تجدیدِ عہد کرے کہ قومی وسائل پر انحصار/خودانحصاری ہی قومی ترقی کی شاہراہ ہے۔ یومِ آزادی کے موقع پر عوام تعصبات، عدم برداشت اور شدت کی کیفیات کو ترک کردے اور نظریاتی، سماجی، دینی اقدار کے محاذ پر یک آواز ہوجائے۔ معرکہ حق میں انڈیا پر کامیابی کی بالادستی نے یومِ آزادی کے جوش کو دوبالا کردیا ہے۔ افواجِ پاکستان اور قومی وحدت و یکجہتی کے ہاتھوں بھارت کو شکست نے مودی سرکار کو باولہ اور حواس باختہ کردیا ہے۔ بھارت نے اگر دوبارہ جارحیت کی حماقت کی تو اُسے اس بار زیادہ شدت کیساتھ جواب دیا جائے گا۔ نریندر مودی کی سیاست کا خاتمہ بی جے پی، آر ایس ایس اور ہندوتوا کی شکست نوِشتہ دیوار ہے۔ خود بھارت کی اندرونی سلامتی کے لیے شدید خطرہ بننے والی بی جے پی کا جانا اب ٹھہر چکا۔
لیاقت بلوچ نے کشمیری نوجوانوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر پر بھارت کا قبضہ ناجائز اور اُس کا ہر مؤقف جھوٹ کا پلندہ ہے۔ بھارتی شکست سے جموں و کشمیر میں آزادی اور حقِ خودارادیت کے حصول کا نیا جذبہ پیدا ہوا ہے۔ بھارت مقبوضہ علاقوں میں کریک ڈاؤن، ٹارگٹ کلنگ اور جیلوں، عقوبت خانوں میں ظلم کی نئی تاریخ رقم کررہا ہے لیکن اب یہ نوِشتہ دیوار ہے کہ کشمیریوں پر ظلم آزادی کے متوالوں کا راستہ نہیں روک سکتا۔ بھارت پاکستان کا پانی بند کرکے پاکستان کو کشمیریوں کی حمایت سے باز رکھنا چاہتا ہے لیکن پاکستان نہ پانی بند ہونے دے گا اور نہ ہی جموں و کشمیر کے عوام کی حق پر مبنی پُشتیبانی کو ترک کرے گا۔
لیاقت بلوچ نے فلسطینی رہنما، حماس کے جنوبی ایشیاء کے لیے ترجمان ڈاکٹر خالد قدومی سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ غزہ کی صورتِ حال پر پاکستان کے 25 کروڑ عوام انتہائی تشویش میں مبتلا ہیں اور اِس امر پر پختہ یقین رکھتے ہیں کہ فلسطین فلسطینیوں کا ہے، امریکہ اور یورپ کو اسرائیلی صیہونی ناجائز وجود کی حمایت ختم کرنا ہوگی۔ امریکی صدر عالمی سطح پر امن کی جتنی کامیاب کوششیں کرلیں لیکن غزہ فلسطین پر اسرائیل کی ناجائز حمایت ٹرمپ کی اِن ساری کوششوں اور امن کے قیام کی نیک نامی کو زیرو کررہی ہے۔ عالمی برادری، عالمِ اسلام غزہ کے مظلوم فلسطینیوں پر صیہونی ظلم و سفاکیت کو روکے اور فلسطینیوں کو آزادی کا حق دیا جائے۔ غزہ فلسطین کے حوالے سے مسلط کردہ کوئی بھی ناجائز اور اسرائیل نوازی پر مبنی حل دُنیا کو نئی بدامنی کی طرف دھکیل دے گی۔
