اسلام آباد—- الخلیل قرآن کمپلیکس کے مہتمم حافظ نسیم خلیل نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان حالیہ اسٹریٹیجک دفاعی معاہدے کوانتہائی خوش آئند قراردیتے ہوئے کہاہے کہ یہ معاہدہ نہ صرف دونوں برادر اسلامی ممالک کے درمیان اخوت و اعتماد کا مظہر ہے بلکہ امتِ مسلمہ کے اتحاد کی جانب اہم پیشرفت ہے۔
اپنے ایک بیان میں حافظ نسیم خلیل نے کہاکہ ہم اس تاریخی لمحے پر قیادتِ پاکستان اور سعودی عرب کو مبارکباد پیش کرتے ہیں اور اس اُمید کا اظہار کرتے ہیں کہ یہ تعلق صرف دفاع تک محدود نہ رہے بلکہ تعلیم، معیشت اور دین اسلام کی خدمت کے میدان میں بھی وسعت اختیار کرے۔
انہوں نے تاریخی معاہدے پر وزیراعظم محمدشہبازشریف اور فیلڈمارشل سیدعاصم منیرکے کردارکوسراہتے ہوئے کہاکہ موجودہ سیاسی وعسکری قیادت کی بہترین پالیسیوں کے نتیجےمیں پاکستان کوہرمحاذپرتاریخی کامیابیاں مل رہی ہیں اور عالمی سطح پر اس کاوقاربلندہواہے۔
انہوںنے کہاکہ پاکستان کا حرمین شریفین کے تحفظ کا شراکت داربنناباعث فخرہے،جب پاکستان اور سعودی عرب کا ایک دوسرے کے دفاع، خودمختاری اور سالمیت کے تحفظ کا عہد کر رہے ہیں تو یہ یقینی طور پر دشمنانِ اسلام کے لیے ایک واضح پیغام ہے کہ امت اب بیدار ہو رہی ہے۔ دعا گو ہیں کہ یہ معاہدہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات کو مزید مضبوط بنائے اور امت مسلمہ کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ کرنے میں سنگِ میل ثابت ہو۔
