اسلام آباد ——–
حلقہ خواتین جماعت اسلامی اسلام آباد کی ادبی کمیٹی کے تحت الفلاح قرآن انسٹی ٹیوٹ، سواں گارڈن میں ادبی نشست اور تقریب تقسیم اسناد منعقد کی گئی جس کامقصد خواتین اور بچیوں میں بامقصد ادب کی تخلیق کو فروغ دینا اور ان کی تخلیقی صلاحیتوں کو نکھارنا تھا۔تقریب کی مہمانِ خصوصی حلقہ خواتین جماعت اسلامی اسلام آباد کی شوریٰ کی رکن راحیلہ بقائی تھیں جبکہ دیگر مہمانوں میں نائب ناظمہ حلقہ خواتین جماعت اسلامی اسلام آباد کلثوم سرور، ادیبہ ڈاکٹر میمونہ حمزہ،سابقہ مرکزی نگران نشرو اشاعت اخلاص فاطمہ اور شعبۂ صحافت و ریڈیو پاکستان سے تعلق رکھنے والی شازیہ طاہر شامل تھیں۔
شرکاء نے اپنی تحریریں اور اشعار پیش کیے۔
یہ تحریریں،فکری ،
اصلاحی اور معاشرتی مسائل پر مبنی تھیں۔محفل میں موجود ادب کی ماہر خواتین نے حوصلہ افزائی کے ساتھ ساتھ تحریروں کی اصلاح بھی کروائی۔
اس موقع پر دسمبر میں منعقد کیے گئے تصویری کہانی کے مقابلے کے نتائج کا اعلان کیا گیا، جس کا موضوع “سقوطِ ڈھاکہ” تھا۔ نمایاں کارکردگی پر شرکاء کو اول، دوم اور سوم انعامات جبکہ بہترین کاوش کے لیے دیگر شرکاء کو بھی انعامات اور اسناد دی گئیں۔
مہمانِ خصوصی راحیلہ بقائی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مولانا ابو الاعلیٰ مودودی رحمہ اللہ کا لٹریچر دنیا بھر میں اسلامی تحریکوں کے کارکنان کی فکری تربیت کا اہم ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ قرآن و سنت کی روشنی میں تشکیلِ اسلامی معاشرہ کے لیے ادب کے میدان میں بھی مؤثر کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔ڈاکٹر میمونہ حمزہ نے کہا کہ ادب کا کام معاشرے میں مثبت سوچ کو فروغ دینا اور افراد کو مایوسی سے نکال کر عمل کی طرف راغب کرنا ہے۔کلثوم سرور نے قرآن و حدیث سے وابستگی اور دینی لٹریچر کے مطالعے پر زور دیا۔آخر میں شرکاء میں اسناد اور انعامات تقسیم کیے گئے
