نائب امیر جماعتِ اسلامی، مجلسِ قائمہ سیاسی قومی اُمور کے صدر لیاقت بلوچ نے بہاولنگر، منچن آباد، حاصل پور، بہاولپور، لیاقت پور، ظاہر پیر، رحیم یار خان میں ورکرز کنونشنز، سیاسی قائدین، ڈونرز کانفرنسز اور ممبرز کنونشنز سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سماجی، معاشی ترقی اور استحکام کے حکومتی دعوے خوشنما، نمائشی اور حقیقت سے متصادم ہیں؛ ملک سیاسی، اقتصادی بحرانوں کی وجہ سے مسائل، بےاعتمادی، بےیقینی کی دلدل میں دھنستا چلا جارہا ہے؛ قومی سیاسی قیات اپنے اپنے مفاداتی حجروں میں بند ہے اور وفاقی صوبائی حکومتیں سیاسی جمہوری بے اختیاری کی المناک تصویریں بنی ہوئی ہیں۔ ملک کو بحرانوں سے نکالنے کے لئے اسٹیٹس مین شپ کی ضرورت ہے۔ قومی سیاسی قیادت کو ضِد، اَنا، ہٹ دھرمی کو ترک کرکے قومی ڈائیلاگ کا راستہ اختیار کرنا ہوگا۔
لیاقت بلوچ نے پاکستان تحریکِ انصاف کے سربراہ اور سابق وزیراعظم عمران خان کی قید میں آنکھ کی بیماری اور بینائی کے مسائل پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ حکومت کسی حیل و حُجّت کے بغیر انسانی، سیاسی اور قیدی کی صحت کے بنیادی حق کے تحت ترجیحی بنیادوں پر عمران خان کا علاج کرایا جائے۔ عمران خان کی قید میں بیماری پر دونوں اطراف سے جذبات کا بےدریغ اظہار ہورہا ہے۔ حکمرانوں اور سیاسی قائدین کے لئے بڑا پیغام ہے کہ سیاسی، اختلافی، جمہوری حق استعمال کیا جائے لیکن کرسی اقتدار پر براجمان ہوکر خدائی دعوے نہ کئے جائیں؛ انسانی حقوق کی پامالی کے لئے حکومتی اختیارات کا اندھا استعمال ترک کیا جائے؛ قید فرد کی بیماری کا تمسخر نہ آڑائیں، وقت بدلتے اور حالات کروٹ لیتے دیر نہیں لگتی۔ سِول، ملٹری، جمہوری بااختیار مراکز ماضی کی غلطیوں کو نہ دُہرائیں۔
لیاقت بلوچ نے کراچی میں جماعت اسلامی کے پُرامن سیاسی جمہوری احتجاج پر ریاستی حکومتی دہشت گردی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جماعتِ اسلامی محرومیوں اور حکمران طبقوں کی نااہلی، ناکامی کے شکار کراچی کے عوام کی ترجمان جماعت ہے۔ پُرامن احتجاج پر تشدّد، لاٹھی چارج، آنسو گیس شیلنگ اور احتجاج کے راستے میں رُکاوٹیں کھڑی کرے سندھ حکومت اور پی پی پی قیادت نے اپنے فسطائیت زدہ چہرے کو بےنقاب کرلیا ہے۔ کراچی کے عوام کا احتجاج سندھ حکومت کی نااہلی، کراچی کے عوام سے دشمنی اور کراچی پر دھاندلی زدہ جعلی میئر مسلّط کرکے کراچی کے عوام کو محرومیوں سے دوچار کرنے کے خلاف ہے۔ 15 فروری ملک گیر احتجاج کراچی کے عوام سے یکجہتی کا اظہار ہے، کراچی کے عوام تنہا نہیں ہیں، پورا ملک اُن کے ساتھ ہے۔ صدر آصف علی زرداری، پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کراچی بلدیاتی انتخاب میں دھاندلیوں کی غلطی کو تسلیم کریں، میئر کراچی کو مستعفی کرائیں، بلدیہ عظمٰی کراچی کو آزاد مرضی سے اپنا میئر منتخب کرنے دیں۔ دوسرا راستہ کراچی میں ازسرِنو بلدیاتی انتخاب ہے
