اسلام آباد: معروف مصنف، ادیب اور دانشور ڈاکٹر فاروق عادل کا سفر نامہ ترکیہ ’’شاخِ زریں کے دائیں بائیں‘‘ شائع ہو گیا۔ ’’شاخِ زریں کے دائیں بائیں‘‘ ترکیہ کے تاریخی، تہذیبی اور روحانی مناظر کی دلچسپ روداد ہے جس کی تفصیلات اردو میں پہلی بار منصہ شہود پر آئی ہیں۔ ڈاکٹر فاروق عادل نے اپنے اس سفر میں تاریخ، ثقافت اور عصری مشاہدات کو اس انداز میں قلم بند کیا ہے کہ ذاتی احساسات اور تاریخی شعور ایک دوسرے میں مدغم دکھائی دیتے ہیں۔ معروف دانشور خورشید ندیم کے مطابق یہ سفر نامہ صرف ایک سفر کی روداد نہیں بلکہ مذہب و سیاست کی تعبیرات و تنوع نے اس تحریر کو دل کے ساتھ دماغ کا مخاطب بھی بنا دیا ہے۔ اس کا مطالعہ ایک طرف وہ لذت دیتا ہے جو ادب کا خاصا ہے، اور دوسری طرف فکر و نظر کے لیے وہ مواد فراہم کرتا ہے جو تحقیقی مقالے کا امتیاز ہے۔ یہ کتاب قلم فاؤنڈیشن لاہور نے روایتی اہتمام کے ساتھ شائع کی ہے۔
