نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان وسابق ممبر قومی اسمبلی میاں محمد اسلم نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی والخدمت کے ایک لاکھ سے زائد رضاکار ریلیف کی سرگرمیوں میں مصروف عمل ہیں ، الخد مت فاونڈیشن نے اب تک ایک ارب روپے سے زائد مالیت کا ضروری سامان 36لاکھ خاندانوں تک پہنچایا ہے، ملک میں کرونا کی وبا پھیلے ڈیڑھ ماہ گزر گیا، مگر ہماری حکومت ابھی تک ڈاکٹروں کو حفاظتی کٹس اور بچاﺅ کے لیے ضروری سامان مہیا نہیں کر سکی ۔انھوں نے کہا آج پوری دنیا کورونا وائرس کی وبا سے خوفزدہ اور آزمائش سے دوچار ہے ،غربت اور پریشانی میں اضافہ ہورہا ہے ،پاکستانی قوم ہمت والی اور بہادر قوم ہے، ان شاءاللہ یہ مشکل دن ختم ہوجائیں گے، حفاظتی تدابیر پر عمل کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے ایف ٹین میں الخد مت فاونڈیشن کے ویئر ہاوس کے دورے کے موقع پر رضا کارون سے گفتگو کر تے ہو ئے کیا ۔
میاں محمد اسلم نے کہا جماعت اسلامی پاکستان کی 73 سالہ تاریخ ملک و قوم کی خدمت سے عبارت ہے ، مگر افسوس کا مقام ہے کہ وفاق اور سندھ اس وقت بھی لڑائی میں مصروف ہیں ، انھوں نے عوام کی زندگیوں کو بھی سیاست کا ذریعہ بنالیا گیاہے ، انہوں نے کہاکہ رجوع الی اللہ قومی وحدت کی تحریک ہے ۔ رجوع الی اللہ سے ہی دلوں کو جوڑا جاسکتاہے ۔ دلوں میں خوف خدا ہو تو وہ عوام الناس کی مصیبتوں ، پریشانیوں اور مشکلات کو دور کرنے پر آمادہ و تیار ہوں گے ۔
