وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور خان نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان یورپیئن یونین ایئر سیفٹی ایجنسی (ای اے ایس اے) کی عائد کردہ پابندیوں کے خلاف اپیل کرے گا۔ پی ٹی آئی کے ریجنل پبلک سیکریٹریٹ میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’ہم ای اے ایس اے کی جانب سے ظاہر کیے گئے حفاظتی خدشات کو دور کریں گے، ہمارے پاس اپیل کے لیے 2 ماہ کا وقت تھا، پی آئی اے کے طیارے جلد یورپی ممالک میں اڑیں گے۔خیال رہے کہ قومی اسمبلی میں وزیر ہوابازی کی جانب سے پی آئی سے کے 150 پائلٹس کے لائسنس مشکوک قرار دیئے جانے پر ای اے ایس اے نے یورپی ممالک کے لیے پی آئی اے کی پروازوں پر 6 ماہ کی پابندی کا اطلاق 4 جولائی سے ہوا تھا اور اس فیصلے کے خلاف اپیل کا حق بھی دیا گیا تھا۔غلام سرور خان نے ایک سوال کے جواب میں وزیر ہوابازی کا کہنا تھا کہ اب تک 219 پائلٹس کو گراؤنڈ جبکہ 28 کو برطرف کیا جاچکا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ پائلٹس پی ٹی آئی دور حکومت میں بھرتی نہیں کیے گئے، پی ٹی آئی گزشتہ حکومتوں کا پھیلایا ہوا بکھیڑا صاف کررہی ہے انہوں نے قومی ایئر لائن کو دنیا کی بہترین ایئر لائنز میں شامل کرنے کے عزم کا اظہار کیاوبا کے دوران ہی نہ صرف اندرونِ ملک پروازیں بحال کردی گئی ہیں بلکہ مسافروں کے لیے کئی رعایتوں کا بھی اعلان کیا گیا ہے جس میں سامان کا وزن 50 کلو سے بڑھا کر 73 کلو کردیا گیا ہے
وزیر ہوابازی نے کہا کہ یومِ آزادی کے جشن کی مناسبت سے پی آئی اے نے تمام مسافروں کے لیے 14 فیصد رعایت کا اعلان بھی کیا ہے۔کراچی میں حادثے کا شکار ہونے والے بدقسمت طیارے کے بارے میں کہا کہ ہر مسافر کی انشورنس کی رقم 50 لاکھ روپے تھی جسے حکومت نے بڑھاوانے میں کامیاب ہوگئی ہے جبکہ 10 لاکھ روپے مسافروں کے ورثا کو دیے جاچکے ہیں۔
