الخدمت فاؤنڈیشن شعبہ مواخات کے تحت 14گھرانوں کو آسان اقساط پر روزگار کے لیے قرضہ فراہم

الخدمت فاؤنڈیشن کے صدر حامد اطہر ملک نے کہا ہے کہ ضرورت مند افراد کو مانگے والے کی بجائے کمانے والے ہاتھ بنانا سنت رسول ہے۔۔اسی حوالے سے الفلاح حال میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں الخدمت فاؤنڈیشن نے شعبہ مواخات کے تحت 14گھرانوں کو آسان اقساط پر روزگار کے لیے قرضہ فراہم کیا۔انہوں نے کہا کہ الخدمت اسلام آباد اس سے پہلے بھی 105ضرورت مند افراد میں قرضے تقسیم کر چکی ہے۔
میاں اسلم، حامد اطہر ملک، چوہدری طاہر، الطاف شیر،ڈاکٹر باقر خاکوانی، طارق نواز جنجوعہ،ملک عبد العزیر اور مولانا عزیز الرحمان نے چھوٹے کاروباری حضرات میں چیک تقسیم کیے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میاں اسلم نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن سیاسی نہیں فلاحی تنظیم ہے جو ملک بھر میں دکھی انسانیت کی خدمت میں مصروف ہے۔الطاف شیر،سیکرٹری جنرل الخدمت فاؤنڈیشن اسلام آباد نے کہا ہے کہ معاشرے کے پریشان حال اور غربت سے تنگ افراد کے لیے الخدمت مواخات پروگرام چلا رہی ہے جس کا مقصد محنتی افراد کو آسان اقساط میں قرضہ فراہم کرنا ہے تا کہ وہ اس خراب معاشی ماحول میں اپنے لیے بہتر ذرائع معاش کو یقینی بنا سکیں۔چیئرمین پنجاب کشش اینڈ کیری چوہدری طاہر نے انٹراپرونیوشپ پر لیکچر دیا۔ تقریب کے آخر میں 14 محنت کشوں میں چیک میں تقسیم کیے گئے۔