: فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی اسٹینڈنگ کمیٹی برائے مشرق وسطیٰ کے چیئرمین حافظ محمد شفیق کاشف نے سعودی عرب کی طرف سے آج 14 مارچ سے تارکین وطن کے نئے قوانین کے نفاذ کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں سمیت تارکین وطن کے لئے یہ ایک انقلابی تبدیلی کا دن ہے جس سے ان کو ایک باوقار روز گار عالمی معیار کی سہولیات کی فراہمی اور ان کے حقوق کے تحفظ کا احساس پیدا ہو گا انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کی قیادت کے اس فیصلے سے سعودی عرب میں تعمیر و ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ہو گا حافظ شفیق کاشف نے کہا کفالت کے نئے نظام کے نفاذ کے نتیجے میں مملکت کے خلاف منفی اور بے بنیاد پروپیگنڈہ کا خاتمہ ہو گا اور سعودی عرب جو پہلے ہی عالم اسلام کی عقیدتوں کا محور و مرکز ہے اب روز گار کے مواقع پیدا کرنے اور کارکنوں کے لئے پرکشش مراعات دینے کے اعلان سے عالم اسلام کا ہر فرد تحسین کی نگاہ سے دیکھ رہا ہے
حافظ شفیق کاشف نے کہا کہ روزگار کے حصول کے لیے پردیس کی صعوبتیں برداشت کرنے والے کارکنوں کے لئے کاروباری اور لیبر معاہدوں کو آن لائن کرنے کا فیصلہ سعودی عرب کی مقبولیت میں اضافہ کرے گا جس کو عالمی برادری نے بھی سراہا ہے
