وزیراعظم عمران خان اور مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان اور بل گیٹس کے درمیان کورونا سے بچاوَ کی صورتحال پر گفتگو ہوئی ، اس دوران ناصرف کورونا وباء بلکہ پولیو کے خاتمے کی مہم ، صحت ، ترقیاتی امور اور موسمیاتی تبدیلی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ، وزیر اعظم نے غربت کے خاتمے ، کورونا وباء اور عدم مساوات کے خلاف اقدامات پر بل اینڈ ملینڈا گیٹس فاؤنڈیشن کی تعریف کی ۔وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ بل گیٹس فاؤنڈیشن کا احساس پروگرام میں تعاوَن کمزور طبقے کی مدد کرتا ہے ، پولیو سے پاک پاکستان کیلئے پر عزم ہیں ، کورونا کی تیسری لہر اور چیلنجز کے باوجود پولیو مہم جاری ہے ۔
اس موقع پر بل گیٹس نے ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے پاکستان کے عزم کی تعریف کی اور کہا کہ دنیا کو اس عالمی چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لیے اکٹھا ہونا چاہئے ، ماحولیاتی تبدیلی کے باعث دنیا کا خوراک کا نظام خطرے سے دوچار ہے ۔
خیال رہے کہ چند روز قبل وزیراعظم عمران خان نے موسمیاتی تبدیلی سے متعلق بل گیٹس کو ایک خط تحریر کیا ، جس میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ آئیں مل کر دنیا کو موسمیاتی تبدیلی کے خطرات سے بچائیں، پاکستان کاربن کی کمی کیلئےتوانائی کے متبادل منصوبے شروع کررہا ہے، بلین ٹری سونامی، نیشنل پارکس، کلین گرین کے پروگرام جاری ہیں ، پوری دنیا کو موسمیاتی خطرات کیخلاف ہنگامی اقدامات کرنا ہوں گے ، عمران خان نے کلائمیٹ چینج کے خطرات پر کتاب لکھنے پر بل گیٹس کو خراج تحسین پیش کیا۔
