پریم یونین کے زیراہتمام مسجداقصیٰ کی بے حرمتی،غزہ پر اسرائیلی بمباری کے خلاف اور مظلوم فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی ریلی

فیصل آباد

ملک بھر کی طرح فیصل آباد میں بھی ریلوے پریم یونین کے زیراہتمام مسجداقصیٰ کی بے حرمتی،غزہ پر اسرائیلی بمباری کے خلاف اور مظلوم فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لئے ریلوے اسٹیشن پرمرکزی راہنما خالد محمود چوہدری،جماعت اسلامی کے امیرمحبوب الزماں بٹ،زونل صدر چوہدری محمد آصف جاوید، نائب صدر ریاض حسین شاہ،باسط شفیق،ظہیرالدین بابر اوردیگرمقامی راہنماؤں کی قیادت میں احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ریلی میں شریک ریلوے ملازمین نے اسرائیلی حکومت کے خلاف شدیدنعرہ بازی کی۔ریلی کے اختتام پر خطاب کرتے ہوئے راہنماؤں نے کہا کہ پوری قوم اپنے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ امت مسلمہ کے حکمران بے حسی چھوڑ کر فلسطین کے لیے آواز بلندکریں،پوری دنیا کے مسلمان یورپی ممالک کی مصنوعات کا بائیکاٹ کریں،سلامتی کونسل کے اجلاس میں تمام مسلمان ممالک اقوام متحدہ کو مجبورکریں کہ بیت المقدس اورمسجد اقصیٰ میں اقوام متحدہ کی امن فو ج تعینات کی جائے۔انہوں نے کہا کہ آج دنیا میں ڈیڑھ ارب مسلمان ہیں۔ مسلمان حکمرانوں کا المیہ ہے کہ یہ بے بسی کی تصویر بنے ہوئے ہیں۔ اگر مسلم ممالک اکٹھے ہو جائیں تو اسرائیل ریزہ ریزہ ہو جائے۔تمام مسلم حکمران جنہوں نے اسرائیل کو تسلیم کیاہے وہ اپنا فیصلہ واپس لیں۔ او آئی سی کا سربراہی اجلاس بلا کر فلسطینیوں کے ساتھ غیر متزلزل حمایت اور ان کی پشت پناہی کا اعلان کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے کہا رمضان المبارک میں اسرائیلی فوج نے نہتے اور روزہ دار فلسطینیوں کو بیت المقد س مسجد اقصیٰ میں نماز پڑھنے سے روکا اور ساتھ ہی میزائیلوں،ٹینکوں سے حملہ کرکے فلسطینوں کو شہید اورزخمی کیالیکن اسرائیل کی کھلی بربریت پر عالمی ضمیر سو رہا ہے۔ انہوں نے کہا جانوروں کے حقوق پر آنسو بہانے والی انسانی حقوق کی تنظیمیں بھی فلسطینیوں کے قتل عام پر خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہی ہیں۔