گھوٹکی ٹرین حادثہ میں ریلوے ملازمین سمیت درجنوں مسافروں کے جاں بحق اور زخمی

ریلوے پریم یونین کے مرکزی چیئرمین ضیاء الدین انصاری،صدرشیخ محمد انور، خیر محمدتونیو،تبریزعباسی،مرکزی سیکرٹری اطلاعات خالد محمود چوہدری نے گھوٹکی ٹرین حادثہ میں ریلوے ملازمین سمیت درجنوں مسافروں کے جاں بحق اور زخمی ہونے پر شدیددکھ کا اظہار کرتے ہوئےمنگل کوتمام ڈویژنل ہیڈ کوراٹرز پر ہونے والے احتجاجی مظاہرے منسوخ کرنے کا اعلان کردیا۔پریم یونین کے راہنماؤں نے وزیراعظم پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعہ کی بے لاگ اور غیرجاندارانہ جوڈیشل انکوائری کروائی جائے اور انکوائری کے مکمل ہونے تک وزیرریلوے اعظم سواتی سے استعفیٰ لیا جائے جبکہ چیئرمین ریلوے حبیب الرحمان گیلانی اور ڈی ایس سکھرطارق لطیف کوفوری طورپرمعطل کیا جائے تاکہ انکوائری پر اثرانداز نہ ہوسکیں۔انہوں نے کہا کہ بار بار ہونے والے حادثات کی وجہ سے ایک طرف تو سینکڑوں انسانی جانوں کا ضیاع ہوچکا ہے تو دوسری طرف ریلوے کو اربوں روپے کا نقصان پہنچ چکا ہے۔ اس کی سراسر ذمہ داری ریلوے کی اعلیٰ انتظامیہ اور وزارت ریلوے کے سر جاتی ہے مگر ہمیشہ ریلوے کی نچلے درجہ کے ملازمین کو قربانی کا بکرا بنا کر فائلیں دبا لی جاتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ خدشہ ہے اس دفعہ بھی ایسا ہی ہوگا اس لئے وزیراعظم خود بے لاگ اور غیرجاندارانہ انکوائری کا علان کریں اور ذمہ داران کا تعین کرکے قرار واقعی سزا دی جائے تاکہ مستقبل میں ایسے حادثات کی روک تھام ہو سکے۔پریم یونین کے راہنماؤں نے کہا کہ ریلوے میں ہونے والے حادثات سے بچاؤ کے لئے فوری طورپر حفاظتی اقدامات کئے جائیں اور ریلوے کو نیشنل ہائی وے اتھارٹی،موٹروے،میٹرو،اورنج ٹرین کے مساوی بجٹ اور توجہ دی جائے۔
گھوٹکی ریلوے حادثہ میں شہید ہونے والے فیصل آباد کے ریلوے ملازم احمد کی نماز جنازہ کل بروزمنگل صبح 9 بجے قبرستان نور شاہ ولی میں ادا کی جائے گی