گھوٹکی ٹرین حادثہ میں شہید ہونے والے ریلوے ملازم احمد کی نمازجنازہ اداکردی گئی

فیصل آباد

گھوٹکی ٹرین حادثہ میں شہید ہونے والے ریلوے ملازم احمد کی نمازجنازہ اداکردی گئی۔نماز جنازہ میں ریلوے ملازمین سمیت سینکڑوں شہریوں نے شرکت کی۔بعدازاں ریلوے پریم یونین کے راہنماؤں شیخ محمدانور،خالدمحمود چوہدری نے ڈی ای ای ریلوے رمیش کمار اور مقامی راہنماؤں کے ہمراہ مرحوم کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور اظہارتعزیت کیا۔اس موقع پرشیخ محمدانور نے مرحوم کے ورثاء کو یقین دہانی کروائی کہ مرحوم کی بیوہ کو تمام واجبات کی جلداز جلد ادئیگی ان کے گھرپر ہی ہوگی۔حکومت کی طرف سے پندرہ لاکھ کی مالی امداد کے علاوہ ریلوے اور حکومت سے مزید مالی امداد حاصل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔انہوں نے ڈی ایس ریلوے ناصرخلیلی کی طرف سے مرحوم کی بیوہ کو فیصل آباد میں ریلوے کی ملازمت دینے کا بھی اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہیدملازم ریلوے کے ماتھے کا جھومر ہے،ریلوے انتظامیہ اپنے شہید ساتھی کو فراموش نہیں کرے گی اور اس کے اہل خانہ کا مکمل خیال رکھا جائے گا۔اس موقع پر پریم یونین کے راہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ شہید ہونے ریلوے ملازمین کے ورثاء کو فوری طور پر پرائم منسٹر پیکیج کے تحت مالی اعانت کی جائے اور سابقہ تمام واجبات ادا کئے جائیں۔رہائش کے لئے پلاٹ دیا جائے اور حکومت پاکستان کے شہداء کے لئے دیئے گئے پیکیج کے مطابق بیوہ اور بچوں کو مراعات دی جائیں۔