چند گزارشات

محترم جناب گرامی قدر عامر علی احمد
چیئرمین سی ڈی اے
السلام علیکم
سب سے پہلے آپ کے لیے نیک تمناؤں کی دعائیں،
آپ نے چیئرمین سی ڈی اے کی ذمہ داری اب باقاعدہ سنبھال لی ہے، یہ ذمہ داری آپ کو فرائض ادا کرنے کے سلیقہ، محنت، ایمان داری اور عوام کی خدمت کرنے کے صلہ میں ملی ہے
آپ جس طرح محنت کر رہے ہیں، سی ڈی اے کا دیگر سٹاف اور عملہ بھی اسی جذبے کے ساتھ آپ کا ہاتھ بٹا رہا ہے
چند گزارشات ہیں
سب سے پہلی گزارش یہ کہ شہر میں اب ماضی جیسا صفائی ستھرائی کا نظام نہیں، اس کی وجہ آبادی میں اضافہ بھی ہوسکتا ہے تاہم اس کے باوجود، اگر سی ڈی اے اساتذہ کرام، علماء حضرات سے مدد لے اور شہر کی مارکیٹوں کے تاجروں کو احساس دلائے تو یہ کام ممکن ہے
آپ کی نگرانی میں شہر تعمیرو ترقی کا کام جاری ہے، فٹ پاتھ تعمیر ہورہے ہیں، سڑکیں بھی تعمیر اور ری کارپٹ ہو رہی ہیں مگر یہ کام امتیازی انداز میں ہورہا ہے کہیں ایک گلی ری کارپٹ کی جارہی ہے اور اس کے ساتھ والی چھوڑ دی جاتی ہے، سڑکوں اور گلیوں کی ری کارپٹنگ کا جو معیار طے کیا گیا ہے اس کی تشہیر ہونی چاہیے تاکہ ابہام دور ہوسکے
محترم جناب
جہاں جہاں تعمیراتی کام ہورہا ہے، وہاں یہ بات بھی دیکھنے کو ملی ہے کہ ری کارپٹ ہونے والی سڑک، فٹ پاتھ اور فٹ پاتھوں کے بارڈرز ٹوٹ بھی رہے ہیں، مون سون کی بارشوں میں اس کے نتائج بھی سامنے آجائیں گے
ایک اور بات دیکھنے کو ملی جب بھی شہر میں آندھی کے باعث درخت ٹوٹ کر گرتے ہیں تو سی ڈی اے کے عملہ کی بجائے لکڑیوں کے ٹال کا کاروبار کرنے والے لوگ سوزوکی وین پر آتے ہیں اور گرے ہوئے درخت ٹکڑوں میں کاٹ کر لے جاتے ہیں، اور یہ بات طے کردی جائے جس مارکیٹ میں درخت کاٹا جائے یا آندھی سے گرنے والا درخت سی ڈی اے کی بجائے کوئی اور لوگ اٹھا کر لے جائیں تو اس مارکیٹ کی منتخب یونین جواب دہ ہوگی، کوئی ایک ڈیڑھ ماہ قبل میلوڈی مارکیٹ میں لگا ہوا ایک درخت بلاجواز کاٹا گیا اس کی تو تحقیق کرائی جائے
جناب محترم
ہماری آپ سے یہی گزارش ہے کہ آپ شہر کے مسائل کے حل اور یہاں سی ڈی اے کے نظم و نسق کو بہتر بنانے کی جانب پوری توجہ دیں تو انشاء اللہ یہ شہر آپ کی نگرانی میں ہی خوبصورت بن جائے گا
شکریہ