ریلوے پریم یونین کے مقامی راہنما باسط شفیق کی پروموشن اور ملتان تعیناتی پر ریلوے اسٹیشن پر ان کے اعزازمیں الوداعی تقریب منعقد ہوئی جس میں ڈی ای ای ریلوے رمیش کمار،مرکزی راہنماخالدمحمودچوہدری،چوہدری محمدآصف،محمدناصر،محمدنوید،حشام،واصف اور دیگر نے شرکت کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے باسط شفیق نے کہا کہ فیصل آباد سے خوشگواریادیں لے کر جارہا ہوں،خالدمحمود چوہدری سمیت پریم یونین کے کارکنوں اور ریلوے سٹاف نے انہیں جس محبت اور خلوص سے نوازا ہے،وہ ہمیشہ یاد رہے گا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈی ای ای ریلوے رمیش کمارنے کہا کہ ریلوے کو باسط شفیق جیسے محنتی ملازم پر فخر ہے،انہوں نے جس محنت اور اعلیٰ کارکرگی کا مظاہرہ کیا ہے،ریلوے انتظامیہ کو اس پر فخر ہے۔خالد محمود چوہدری نے باسط شفیق کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ باسط پریم یونین کا ہیرا ہے،فیصل آباد میں اپنی تعیناتی کے دوران انہوں نے پریم یونین کے پلیٹ فارم سے ریلوے ملازمین کی فلاح وبہبود کے لئے جوکارہائے نمایاں سرانجام دیئے وہ ہمیشہ یاد رہیں گے۔فیصل آباد ریلوے اسٹیشن کے سٹاف کی تمام نیک تمنائیں ان کے ساتھ رہیں گی۔خالدمحمودچوہدری نے بتایا باسط کا ماتحت ملازم احمد جو گھوٹکی ٹرین حادثہ میں دوران ڈیوٹی شہید ہو گیا تھا،اس کی میت کو گھوٹکی سے فیصل آباد لانے اور تدفین تک سارے انتظامات مکمل کرنے تک باسط شفیق نے جس دلجمعی سے اپنا کردار اداکیا ہے جو اپنے سٹاف سے محبت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ان کی کارکردگی کا یہ نمونہ مدتوں یاد رہے گا۔پریم یونین کے مرکزی صدر شیخ محمدانور نے سی ای اوریلوے نثارمیمن اور اے جی ایم سلمان صادق شیخ سے احمد کی بیوہ کے تمام واجبات اور پنشن کی فوری ادائیگی اور میت کی گھوٹکی سے فیصل آباد منتقلی کے تمام اخراجات فوری طور ادا کرنے کی درخواست کی جنہوں نے فوری طور ڈی ایس لاہور ناصرخلیلی کوادائیگی کے احکامات جاری کردیئے ہیں۔ریلوے ملازمین نے شیخ محمدانور کی ان کاوشوں کو بھی خراج تحسین پیش کیا ہے۔
