19 دسمبر 2021کو صوبہ میں پہلے مرحلے کے انتخابات کا شیڈول



الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس ہوا جس کی صدارت جناب سکندر سلطان راجہ چیف الیکشن کمشنر آف پاکستان نے کی اجلاس میں معزز ممبران الیکشن کمیشن کے علاوہ الیکشن کمیشن کے سیئنر افسران شریک ہوئے ۔
الیکشن کمیشن کو بریف کیا گیا کہ مورخہ 14اکتوبر 2021کو الیکشن کمیشن کی میٹنگ میں صوبائی وزیر خوراک خیبر پختونخواہ جناب محمد عاطف خان ، چیف سیکرٹری ڈاکٹر کاظم نیاز ، ایڈوکیٹ جنرل اورسیکرٹری لوکل گورنمنٹ تشریف لائے اورانہوں نے موقف اختیار کیا کہ صوبائی حکومت ویلج کونسلوں / نیبر ہوڈ کونسلوں کے لئے پہلے مرحلے کے انتخابات دسمبر 2021 میں کروانا چاہتی ہے ۔ جبکہ ویلج کونسلوں / نیبر ہوڈ کونسلوں کے انتخابات مئی 2022 میں کروانا چاہتی ہے تحصیل کونسلوں کے انتخابات کے لئے مشاورت بعد میں کی جائے گی ۔ الیکشن کمیشن نے اس بات سے اتفاق کیا کہ پہلے مرحلے میں انتخابات دسمبر 2021 میں ہوں گے لیکن تحصیل کونسلوں کے انتخابا ت بھی اُسی دن ساتھ ہی ہونگے تاکہ جن اضلاع میں الیکشن کاانعقاد ہو تو انکی تمام لوکل گورنمنٹس فنکشنل ہوں اور الیکشن کمیشن کو ایک ہی علاقے میں دو دفعہ الیکشن نہ کروانے پڑیں۔ الیکشن کمیشن نے واضح کیا تھا کہ مذکورہ بالا اجلاس کے بعد الیکشن کمیشن انتخابات کی تاریخ کا حکم جاری کرےگاکیونکہ مشاورت کا عمل مکمل ہو چکا ہے تاہم صوبائی حکومت اگر مزیدفیڈبیک دینا چاہتی ہے تو سات دن کے اندر ایسا کرلے۔
الیکشن کمیشن کو مزید بتایا گیا کہ اب صوبائی حکومت خیبر پختونخواہ نے بذریعہ چٹھی الیکشن کمیشن سے درخواست کی ہے کہ پہلے مرحلے میں صوبہ خیبر پختونخواہ میں ویلج اور نیبر ہوڈ کونسلوں کے انتخابات 15دسمبر 2021 کو کروائے جائیں اور دوسرے مرحلہ میں چیئرمین تحصیل کونسل کے انتخابات 15 مارچ 2022 کو کروائے جائیں۔
میٹنگ کے دوران الیکشن کمیشن کو بتایا گیا کہ صوبہ میں لوکل گورنمنٹس کی معیاد 28 اگست 2019 کو ختم ہوگئی تھی ۔ آبادی کی سرکاری اعداد وشمار کی اشاعت کے علاوہ کرونا وباءاور صوبہ میں امن وامان کی خراب صورت حال کے پیش نظر ابھی تک الیکشن نہ ہوسکے۔
الیکشن کمیشن نے واضح کیا کہ الیکشنز ایکٹ کی دفعہ (4) 219 کےتحت لوکل گورنمنٹس کی معیاد ختم ہونے کے بعد الیکشن کمیشن نے 120 دن میں الیکشن کا انعقاد یقینی بنانا ہوتا ہے ۔ اس کے علاوہ آبادی کے اعدادوشمار بھی 6مئی 2021 کو شائع ہو چکے ہیں ۔ لہذا کوئی وجہ نہیں ہے کہ صوبہ میں الیکشن نہ کروائے جائیں۔
الیکشن کمیشن نے دفتر کو حکم دیا کہ صوبائی حکومت کی تجویز کردہ تاریخ 15دسمبر 2021 کے مطابق جن 17 اضلاع میں صوبائی حکومت نے الیکشن کمیشن سے مورخہ 14اکتوبر 2021 کو درخواست کی تھی کہ پہلے مرحلہ میں ان اضلاع میں ویلج و نیبر ہوڈ کونسلوں کے انتخابات کروائے جائیں تو صوبائی حکومت کی سفارشات کی روشنی میں 19 دسمبر 2021کو صوبہ میں پہلے مرحلے کے انتخابات کا شیڈول الیکشن کمیشن جاری کررہا ہے جس کے مطابق ویلج /نیبر ہوڈ اور تحصیل کونسل کےانتخابات ایک ہی دن ہونگے ۔ اسی طرح 16 جنوری 2022 کو بقیہ اضلاع کے انتخابات کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ صوبہ میں فوری لوکل گورنمنٹس کو فنکشنل کیا جائے اور اختیارات نچلی سطح پر عوامی نمائندوں کو منتقل کئے جائیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں