او آئی سی وزرا خارجہ کونسل کا غیرمعمولی اجلاس منعقد کرنے پر سعودی عرب، پاکستان اور تمام اسلامی دنیا کے قائدین کو مبارک دیتے ہیں: حافظ شفیق کاشف

چئیرمین پاک سعودی بزنس کونسل حافظ محمد شفیق کاشف نے کہا ہے کہ او آئی سی وزرا خارجہ کونسل کا سترواں (17) غیرمعمولی اجلاس منعقد کرنے پر سعودی عرب کی پہل اور پاکستان کی میزبانی کا بھرپور خیرمقدم کرتے ہیں ۔ سعودی اور پاکستان نے مدد کے مستحق افغانستان کے بھائیوں اور بہنوں کے لئے اپنے درد دل اور احساس کا مظاہرہ کیا ہے جو قابل قدر اور امت مسلمہ کے بھائی چارے اور اخوت کی روشن مثال ہے۔ امید ہے کہ اس غیرمعمولی اجلاس کے نتیجے میں اقدامات افغانستان میں غیرمعمولی انسانی بحران کے حل، انسانوں کی بروقت اور بھرپور مدد اور معاشی مسائل کے حل میں سنگ میل ثابت ہوں گے۔ سعودی عرب کے شاہ سلمان اور ولی عہدہ شہزادہ محمد بن سلمان،اوآئی سی کے سیکریٹری جنرل، اوآئی سی کے رکن ممالک کی قیادت ، وزیراعظم عمران خان اور وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ سعودی عرب اور پاکستان دو بااعتماد بھائی ہیں جنہوں نے امت مسلمہ کے اہم مفادات کے لئے ہمیشہ قائدانہ کردار ادا کیا ہے۔ دونوں برادر اسلامی ممالک کا تیسرے مسلمان ملک افغانستان کے لئے جذبہ امید کی نئی کرن ہے جس سے امت مسلمہ کے اعتماد اور توقعات میں مزید اضافہ ہوا ہے۔ حافظ محمد شفیق کاشف نے کہاکہ امت مسلمہ کی مشترکہ اور متحدہ آواز او آئی سی کو مزید فعال اور متحرک بنا کر اسلامی دنیا کو درپیش دیگر مسائل کے حل کے لئے نئی راہیں پیدا کی جائیں اور تجارتی ومعاشی تعاون کو بڑھایا جائے۔