ممبر قومی اقلیتی کمیشن، حکومت پاکستان البرٹ ڈیوڈ کی سیالکوٹ آمد، سانحہ سیالکوٹ کے حوالے سے ڈی پی او اور ڈی سی سے ملاقات اور بریفننگ، جائے وقوعہ کا جائزہ لینے کے لئے فیکٹری بھی گئے
سانحہ سیالکوٹ کے حوالے سے قومی اقلیتی کمیشن کے ممبر البرٹ ڈیوڈ نے سیالکوٹ کا دورہ کیا۔ وفد نے ڈپٹی کمشنر طاھر فاروق اور ڈی پی او عمر سعید ملک سے ملاقات کی،  ڈی سی اور ڈی پی او نے سیالکوٹ سانحہ پر بریفننگ دی اور فیکٹری کا دورہ کرایا۔ انہوں نے جائے وقوعہ کا جائزہ لیا اور فیکٹری کی انتظامیہ نے سانحے کے بعد کئے گئے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی جن کی بدولت ایسے کسی بھی ناخوشگوار  واقعہ سے محفوظ رہا جاسکے۔ البرٹ ڈیوڈ نے حال میں ہی فیکٹری میں تعینات کئے گئے سری لنکن مینیجر اسانکا فرنینڈو سے بھی ملاقات کی، اس موقع پر البرٹ ڈیوڈ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ھوئے کہا کہ اس سانحے کے خلاف نہ صرف سیالکوٹ بلکہ پورا ملک کھڑا ھوا، اس سانحے پر وزیراعظم، آرمی چیف ،علماء سے لیکر ھر طبقہ فکر نے اپنا اپنا کردار ادا کیا اور اعلی سطحی قیادت نے اس واقعہ کی نا صرف مذمت کی بلکہ فوری اقدامات اٹھائے جو قابل تحسین ھیں، اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ اور پولیس سے ملاقات کی گئی اور اس بات کا اعادہ کیا گیا کہ مستقبل میں ایسے واقعات نہ ھونے پائیں، ممبر اقلیتی کمیشن نے کہا کہ ھندوستان میں حکومتی سرپرستی اور ہندوتوا کے زیر اثر ہونے والے واقعات کی شدید مذمت کرتے ھیں، البرٹ ڈیوڈ کا کہنا تھا کہ ھمیں ہنگامی بنیادوں پر ایسے اقدامات کرنے ہونگے جنکی بدولت دنیا بھر سے آنے والوں کو پتہ چلے کہ پاکستان ایک پُرامن ملک ھے۔