تحریک انصاف کے چیئرمین و وزیراعظم عمران خان نے پاکستان تحریک انصاف کے ارکان قومی اسمبلی کو تحریک عدم اعتماد پر رائے شماری کے عمل میں حصہ لینے اور اس دن قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت سے روک دیا ۔ منگل کو پاکستان تحریک انصاف کے میڈیا سیل سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے ایک خط کے ذریعے اپنی پارٹی کے ارکان قومی اسمبلی کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپوزیشن کی طرف سے پیش کی گئی تحریک عدم اعتماد پر رائے شماری کے عمل میں حصہ نہ لیں۔ وزیر اعظم عمران خان نے جو قومی اسمبلی میں پی ٹی آئی کے پارلیمانی لیڈر بھی ہیں ،پی ٹی آئی کے ارکان قومی اسمبلی کو ایک خط تحریر کیا ہے جس میں ان سے کہا گیا ہے کہ وہ ان ہدایات پر سختی سے عمل کریں کیونکہ ان ہدایات کی کسی بھی قسم کی خلاف ورزی کو آرٹیکل 63 (اے)کے مطابق انحراف سمجھا جائے گا۔ خط کے مطابق قومی اسمبلی کے 2007ء کے قواعد و ضوابط کے اصول 37 (4) کے مطابق 28 مارچ کو اس سلسلے میں قرارداد پیش کرنے کی اجازت دی گئی تھی ،مذکورہ قرارداد پر سات دن کے اندر رائے شماری کرائی جائے گی۔ قومی اسمبلی میں پاکستان تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کے تمام اراکین جس تاریخ کو مذکورہ قرارداد رائے شماری کیلئے ایجنڈے میں شامل ہو گی اس دن رائے شماری کے عمل میں نہ تو حصہ لیں گے اور وہ نہ ہی قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کریں گے ۔ وزیراعظم نے ارکان کو ہدایت کی ہے کہ تحریک عدم اعتماد کی قرارداد پر ووٹنگ کے وقت اور اس دن پی ٹی آئی کا کوئی رکن ایوان میں حاضر نہیں ہو گا ۔ تحریک پر بحث میں پی ٹی آئی کی جانب سے نامزد ارکان حصہ لیں گے۔ خط میں پاکستان تحریک انصاف کے تمام ارکان قومی اسمبلی کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 1973ء کے آئین کے آرٹیکل 63-A کے مطابق ان ہدایات پر عمل کریں۔ پارٹی کا کوئی بھی رکن عدم اعتماد کے ووٹ سے متعلق کسی بھی دوسری پارلیمانی پارٹی یا گروپ کی حمایت نہیں کرے گا اور نہ ہی اس حوالے سے دی جانے والی ہدایت کی خلاف ورزی کرے گا
