ہماری حکومت ڈیجیٹلائزیشن کو فروغ دے رہی ہے

اسلام آباد۔2اپریل وزیر مملکت اطلاعات ونشریات فرخ حبیب نے کہا ہے ہماری حکومت ڈیجیٹلائزیشن کو فروغ دے رہی ہے، ایک  ا لیکٹرانک چینل یا اخبار کے لئے کروڑوں روپے درکار ہوتے ہیں لیکن ڈیجیٹل میڈیا اس کی نسبت آسان اور کم لاگت سے شروع ہوتا ہے، اڑھائی سے 3 کروڑ کی لاگت سے ملک کے 23 پریس کلبز کو ڈیجیٹل سٹوڈیوز دئیے جارہے ہیں،ہم بدلتے ہوئے حالات کے مطابق ڈیجیٹل میڈیا کی ترقی اور فروغ کے لئے کام کررہے ہیں،اب ڈیجیٹل پلیٹ فارم کام کررہے ہیں، سمارٹ فون چلتا پھرتا بینک، ٹی وی اور اخبار ہے، اے پی پی کو ڈیجیٹل ، پی ٹی وی کو منافع بخش ادارہ بنادیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس کلبز ڈیجیٹل سٹوڈیوز لانچنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔وفاقی سیکرٹری اطلاعات و نشریات شاہیرہ شاہد، ایم ڈی پی ٹی وی عامر منظور، ایڈیشنل سیکرٹری اور ملک کے مختلف پریس کلبز کے عہدیداران بھی تقریب میں شریک تھے۔ وزیر مملکت نے کہا کہ ملک بھر کے پریس کلبز کے عہدیداران کا اسلام آباد میں خیرمقدم کرتے ہیں۔ وزیر مملکت اطلاعات و نشریات نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے اپنے دور کے تمام اشتہارات کی بروقت ادائیگی یقینی بنائی ہے۔فرخ حبیب نے کہا کہ پریس کلبز کا صحافیوں کے حوالے سے بنیادی کردار ہے، ہم پریس کلبز کی سطح پر ڈیجیٹل سٹوڈیوز دے رہے ہیں اور اڑھائی سے 3 کروڑ روپے کی لاگت سے ملک کے 23 پریس کلبز کو ڈیجیٹل سٹوڈیوز دئیے جارہے ہیں۔ فرخ حبیب نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے پی ایس ڈی پی کا 2 فیصد ان منصوبوں کی تشہیر کے لئے مختص کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم بدلتے ہوئے حالات کے مطابق ڈیجیٹل میڈیا کی ترقی اور فروغ کے لئے کام کررہے ہیں، ہمارے ہاں اگر کوئی اپنا چینل بناتا ہے تو اس پر تنقید کی جاتی ہے لیکن اب ڈیجیٹل پلیٹ فارم کام کررہے ہیں، سمارٹ فون چلتا پھرتا بینک، ٹی وی اور اخبار ہے- فرخ حبیب نے کہا کہ اے پی پی کو ڈیجیٹل ، پی ٹی وی کو منافع بخش ادارہ بنادیا ہے، خوشی کی بات یہ ہے کہ پی ٹی وی نے 4ارب روپے منافع کا ہدف حاصل کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزارت اطلاعات و نشریات نے ریاست کے بیانیے کو بہتر انداز میں اجاگر کیا، آئندہ بھی صحافی برادری کی فلاح و بہبود کے لئے کام کرتے رہیں گے، میڈیا کے موجودہ قوانین کو مزید موثر بنانے کے لئے میڈیا مالکان سمیت تمام سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کی گئی ہے۔ وزیر مملکت اطلاعات و نشریات نے کہا کہ میڈیا نے پاکستان میں جمہوریت کی ترویج کے لئے اہم کردار ادا کیا ہے۔ فرخ حبیب نے موجودہ سیاسی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایک غیر ملکی طاقت نے پاکستان میں تبدیلی اقتدار کے لئے ایک سازش رچائی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے اندرونی معاملات میں بیرونی طاقت کیسے مداخلت کرسکتی ہے۔ فرخ حبیب نے کہا کہ جب ہم نے ایںسلوٹلی ناٹ کہا تو اسکا خمیازہ بھی جانتے تھے۔وزیر مملکت اطلاعات و نشریات نے کہا کہ آج جو تحریک عدم اعتماد میں پیش پیش ہیں وہ ماضی میں ڈرون حملوں سمیت کسی معاملے پر بات نہیں کرتے تھے۔ تقریب سے سیکرٹری اطلاعات و نشریات شاہیرہ شاہد نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ وزارت اطلاعات کا کام پریس کلبز کو سہولیات فراہم کرنا ہے، ڈیجیٹل سٹوڈیوز دینے کا مقصد بدلتی ہوئی صورتحال کے مطابق تیار کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزاد جرنلسٹ چاہتا ہے کہ اپنا وی لاگ بنائے اور وہ موناٹائز بھی ہو، سیکرٹری اطلاعات نے کہا کہ ڈیجیٹل سٹوڈیوز کے حوالے  سے پریس کلبز کی سطح پر تربیت بھی یقینی بنائی جائے گی۔ پرنسپل انفارمیشن افسر سہیل علی خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 23 پریس کلبز کو ڈیجیٹلائز کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایڈور ٹائزنگ پالیسی میں ڈیجیٹل میڈیا اشتہارات بھی شامل کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت ڈیجیٹلائزیشن کو فروغ دے رہی ہے، انہوں نے کہا کہ ایک الیکٹرانک  چینل یا اخبار کے لئے کروڑوں روپے درکار ہوتے ہیں لیکن ڈیجیٹل میڈیا اس کی نسبت آسان اور کم لاگت سے شروع ہوتا ہے\932