این 25 کے خضدار کچلاک سیکشن کی تعمیر کا سنگ بنیاد

وزیراعظم شہباز شریف نے عہدہ سنبھالنے کے بعد ہفتے کو اپنے پہلے دورہ کوئٹہ کے دوران ’خونی شاہراہ‘ کہلانے والی این 25 کے خضدار کچلاک سیکشن کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھتے ہوئے ڈیڑھ سال کی مدت میں اسے مکمل کرنے کا اعلان کیا۔

این 25 کے خضدار کچلاک، کوئٹہ کراچی شاہراہ کے 790 کلومیٹر کا حصہ ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کوئٹہ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا: ’مجھے بتایا گیا کہ یہ خونی شاہراہ ہے، جہاں آئے روز حادثات میں لوگ مرتے ہیں۔ ہم اس کے خون کو دن رات محنت کرکے خشک کریں گے۔‘

نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) کے چیئرمین کیپٹن (ر) خرم آغا نے وزیراعظم کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس شاہراہ کے دو سیکشن پر کام ہونا ہے۔ 

’ابتدائی طور پر خضدار۔کچلاک شاہراہ کے دو سیکشنز جن کی لمبائی 102 کلومیٹر ہے،پر تعمیری کام شروع کردیا گیا ہے۔ یہ این 25 شاہراہ کراچی، کوئٹہ، چمن کا حصہ ہے، جس کو دوہرا کیا جارہا ہے اور اس کے لیے 22-2021 میں 3000 ملین روپے مختص کیے گئے تھے۔‘

انہوں نے بتایا کہ ’اس چار رویہ شاہراہ پر 37 پل اور ایک ہزار کلورٹس تعمیر کیے جائیں گے۔ نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے نیٹ ورک کی کل لمبائی 14 ہزار 480 کلومیٹر ہے۔ جن میں سے چار ہزار 566 کلو میٹر سڑکیں بلوچستان میں ہیں۔‘

خرم آغا نے بتایا کہ خضدار، کچلاک شاہراہ کے سیکشن ون کی کنٹریکٹ کی لاگت 8786 ملین روپے ہے جبکہ سیکشن ٹو کی لاگت 9271 ملین روپے ہے۔ 

’شاہراہ کی تعمیر سے پانچ ہزار لوگوں کو روزگار ملے گا۔ یہاں سے روزانہ 12 ہزار گاڑیاں گزرتی ہیں جبکہ یہ شاہراہ سے ٹرانزٹ ٹریڈ بھی گزرتی ہے۔‘

thumbnail_IMG_20220423_204759.jpg

وزیراعظم شہباز شریف کو تقریب کے دوران وزیراعلیٰ عبدالقدوس بزنجو نے روایتی پگڑی بھی پہنائی (فوٹو: محکمہ اطلاعات بلوچستان)

انہوں نے بتایا کہ ’اس منصوبے کی تکمیل مدت 36 ماہ ہے، جس کی تکیمل سے معاشی ترقی ہوگی۔ ‘

اس دوران وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم سے مطالبہ کیا کہ کوئٹہ کراچی شاہراہ کو چار لین سے بڑھا کر چھ کیا جائے اور اس کی مدت تکمیل کو ڈیڑھ سال کیا جائے۔

جس پر وزیراعظم نے کہا کہ شاہراہ کی پہلے چار لائن ہوگی، بعد میں اسے چھ کردیا جائے گا۔

یاد رہے کہ اس شاہراہ پر ٹریفک حادثات کی تعداد سب سے زیادہ ہے۔ ایک غیر سرکاری تنظیم بلوچستان یوتھ اینڈ سول سوسائٹی  کے اعداد وشمارکےمطابق  2021 کے دوران 995  ٹریفک حادثات میں 106 افراد ہلاک ہوئے۔

تنظیم کے مطابق صرف 465 حادثات خضدار سے کراچی تک رونما ہوئے، جن میں 37 افراد ہلاک اور 665 زخمی ہوئے۔