چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور سابق وزیراعظم عمران خان سے مسلم لیگ (ضیاء) کے سربراہ محمد اعجاز الحق نے بنی گالہ میں ملاقات کی۔
ملاقات میں اس پر اتفاق کیا گیا کہ مقتدر حلقوں کے ساتھ بہتر تعلقات کے لیے کوشش کی جائے گی۔
اس موقع پر ملک کی موجودہ سیاسی اور مہنگائی سے پیدا ہونے والی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں ضمنی انتخابات، حکومت اور آئی ایم ایف کے معاملات پر بھی بات چیت کی گئی۔ جبکہ ملاقات میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ آئندہ الیکشن میں دھاندلی کے کسی بھی منصوبے کو ناکام بنایا جائے گا۔
اس موقع پر سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ موجودہ بحران کا واحد حل فوری اور صاف شفاف الیکشن ہیں۔ جتنے جلدی نئے انتخابات ہو جائیں گے تو ملک اس دلدل سے نکل آئے گا۔
انہوں نے کہا کہ ڈالر، پیٹرول اور بجلی سمیت ہر چیز اب عوام کی پہنچ سے باہر ہوچکی ہے۔ غریب عوام مہنگائی کے طوفان میں پس چکے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ میرے دل میں افواج پاکستان کی بہت عزت ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو گرے لسٹ سے نکالنے کا سہرا پی ٹی آئی حکومت کو جاتا ہے۔