بلوچستان کے ضلع ژوب میں اتوار کو راولپنڈی سے آنے والی مسافر بس دہانہ سر کے مقام پر کھائی میں گرنے سے 19 افراد ہلاک جبکہ 12 زخمی ہوگئے۔
ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ژوب مظفر شاہ نے بتایا کہ مسافر کوچ راولپنڈی سے کوئٹہ آرہی تھی کہ دہانہ سر کے مقام پر بارش کے نتیجے میں پھسلن کے باعث کھائی میں جاگری۔
انہوں نے بتایا کہ مسافر کوچ میں 33 مسافر سوار تھے اور حادثے میں اب تک 19 افراد کے ہلاکت کی تصدیق ہوچکی ہے۔
مظفر شاہ کے مطابق ہلاک ہونے والے 15 افراد کی لاشیں مغل کوٹ جبکہ چار لاشیں ژوب منتقل کردی گئی ہیں۔ 12 زخمی بھی ژوب میں زیر علاج ہیں، جن میں سے چھ کی حالت تشویش ناک بتائی جارہی ہے۔
واقعے کے بعد ژوب سول ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کرکے جائے حادثہ پر ایمبولینس اور ریسکیو کا عملہ فوری روانہ کردیا گیا تھا۔