افغانستان میں تاریخی تباہ کن زلزلے سے متاثرہ ہزاروں خاندانوں کے لیے فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس ، سارک چیمبر آف کامرس اور بزنس کمیونٹی کی جانب سے کروڑوں روپوں مالیت کا امدادی سامان روانہ کردیا گیا ہے ،پانچ ٹرکوں میں امدادی سامان نائب صدر سارک چیمبر حاجی غلام علی ، کمشنر پشاور ریاض خان محسود ، سرتاج احمد خان اور ریلیف کمیٹی کے چیئرمین سابق صوبائی وزیر امان اللہ حقانی کی موجودگی میں افغان قونصل جنرل حافظ محب اللہ کے حوالے کیا گیا ۔ اس حوالے سے گزشتہ روز پشاور پریس کلب کے سامنے دو کروڑ روپے مالیت سے زائد کے امدادی سامان جس میں اشیاخوردونوش اور ادویات سمیت دیگر ضروری اشیاشامل ہیں کے پانچ ٹرک افغان قونصل جنرل حافظ محب اللہ کے حوالے کیے گئے جو بعد ازاں غلام خان بارڈر کے ذریعے افغانستان کے زلزلہ سے متاثرہ صوبے پکتیکا لے جائے گئے ۔ امدادی سامان کو متاثرین تک بحفاظت پہنچانے اور شفاف طریقے سے اسکی تقسیم یقینی بنانے کے لیئے ایف پی سی سی آئی ریلیف کمیٹی کے چیئرمین امان اللہ حقانی سلیم خان سامان کے ہمراہ افغانستان روانہ ہوئے ۔ افغان قونصل جنرل اور کمشنر پشاور نے سامان روانگی سے قبل ٹرکوں کا جائزہ لیا اور سارک کے نائب صدر حاجی غلام علی ، ایف پی سی سی آئی کے کوآرڈینیٹر سرتاج احمد خان سمیت بزنس کمیونٹی کی اس کاوش کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ عید کے موقع پر عید سے قبل اس قسم کے تعاون یقینی طور پر جہاں افغانستان کے متاثرہ خاندانوں کے زخموں پر مرہم کا کام کرینگے وہاں دونوں ملکوں کو مذید قریب لانے میں بھی اپنا مثبت کردار ادا کرینگے ۔ حاجی غلام علی کا کہنا تھا کہ بزنس کمیونٹی کی جانب سے دل کھول کر اپنے افغان بہن بھائیوں کی عید اچھی بنانے کے لیے یہ امدادی سامان بھیجا جارہا ہے اور اسکے بعد بھی تعاون کا یہ سلسلہ جاری رکھا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ تمام صاحب استعداد شہریوں کا یہ فرض بنتا ہے کہ دکھ کی اس گھڑی میں وہ افغان بہن بھائیوں کی دل کھول کر مدد کریں تاکہ انکی مشکلات کو کم کرنے میں مدد مل سکے ۔ افغان قونصل جنرل حافظ محب اللہ نے FPCCI اور سارک چیمبر اور بزنس کمیونٹی اور حاجی غلام علی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان کے لوگ پاکستان کی جانب سے ان کاوشوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ھے اور کبھی بھی فراموش نہیں کرینگے ، اس وقت افغانستان کے لوگ شدید متاثر ہیں اور انہیں یقینی طور پر اپنے برادر اسلامی ممالک اور بزنس کمیونٹی سے تعاون ملنے کی ضرورت ہے تاہم جو کردار اب تک پاکستان ، اسکی عوام اور بالخصوص بزنس کمیونٹی نے ادا کیا وہ لائق تحسین ہے ۔ کمشنر پشاور ریاض خان محسود نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بزنس کمیونٹی کی جانب سے امدادی ٹرکوں کو جزبہ خیر سگالی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ جزبے سرحدوں کے دونوں جانب اپنے دیر پا اور پائیدار کردار ادا کرنے میں ہراول دستے کا کردار ادا کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان کی موجودہ حکومت کے ساتھ ہمارے رابطے بحال اور مضبوط ہیں ۔ دونوں ہمسائیہ بھی ہیں اور برادر اسلامی ممالک بھی ہیں ، ان میں امن اور ترقی وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ انہوں نے FPCCI اور سارک چیمبر کو خراج تحسین پیش کیا آخر میں افغان قونصل جنرل نے اجتماعی دعا کی جس میں زلزلے میں فوت ہونے والوں کے ایثال ثواب اور زخمیوں کی جلد صحتیابی سمیت دونوں ملکوں میں پائیدار امن کے قیام کے لیے دعائیں مانگی گئیں ۔
—
—
