یونائیٹڈ بزنس گروپ کا ایف پی سی سی آئی کے سالانہ انتخابات کے لیے بہترین امیدواروں کو حتمی شکل دینے کے لیے مشاورتی اجلاس

 فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں یونائیٹڈ بزنس گروپ (یو بی جی) نے ایف پی سی سی آئی کے سالانہ انتخابات کے لیے بہترین امیدواروں کو حتمی شکل دینے کے لیے مشاورتی اجلاس شروع کر دیے ہیں۔ گروپ کے چیئرمین شہزاد علی ملک (ستارہ امتیاز) نے اتوار کو اجلاس کی صدارت کے بعد میڈیا کو بتایا کہ 20 رکنی تشکیل نو شدہ اعلیٰ سطحی کور کمیٹی کا پہلا ابتدائی میراتھن اجلاس آج منعقد ہوا تاکہ بہترین امیدواروں کے انتخاب کو یقینی بنایا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ یو بی جی کی صوبائی سکروٹنی کمیٹیوں سے کہا گیا ہے کہ وہ صدر، سینئر نائب صدر، نائب صدر اور خواتین نشستوں پر انتخاب لڑنے کیلئے موزوں ترین امیدواروں کو ٹکٹ دینے کے لیے اپنی سفارشات کور کمیٹی کو پیش کریں۔

انہوں نے کہا کہ مزید غور و خوض اور صوبائی اور مقامی رہنماﺅں سے مشاورت کے بعد جلد ہی حتمی ناموں کا اعلان کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ اعلیٰ تعلیم یافتہ، دیانتدار نوجوان بزنس مین جو تاجر برادری کی خدمت کے جذبے سے سرشار ہوں گے انہیں اتفاق رائے سے میرٹ پر ٹکٹ دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ روٹیشن پالیسی کے تحت فیڈریشن کے صدر کا تعلق وفاقی علاقے سے ہوگا۔ اس موقع پر ملک بھر کے سرکردہ تاجر رہنما میاں محمد ادریس، شیخ تنویر احمد، رو ف عالم، ڈاکٹر نعمان ادریس، عاطف اکرام، شیخ آصف، شیخ ریاض الدین، عارف جیوا اور دیگر بھی موجود تھے۔شہزاد علی ملک نے کہا کہ یو بی جی فیڈریشن کے انتخابات میں کامیابی حاصل کرے گا کیونکہ تاجر برادری ماضی میں آزمائے گئے لوگوں کو مزید آزمانے کے موڈ میں نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری نے کاروبار دوست پالیسیاں اختیار کرنے اور کاروباری برادری کے وسیع تر مفاد میں اتفاق رائے کے ساتھ اہم فیصلے کرنے کی وجہ سے یو بی جی پر مکمل اعتماد کا اظہارکیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم قانون کی حکمرانی، جمہوری نظام کے فروغ اور تاجروں کے مفادات کا تحفظ کرتے ہوئے قومی معیشت کی مضبوطی پر پختہ یقین رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یو بی جی تاجروں اور حکومت کے درمیان ایک پل کا کام کرے گا اور تاجر برادری کے مفادات کا خیال رکھنے کے ساتھ ساتھ قومی مفادات کے تحفظ کے لیے کوششوں کو اولین ترجیح دی جائے گی۔