ترکی کے شہر استنبول کی معروف استقلال گلی میں دھماکہ ہوا ہے، ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکے میں 11 افراد زخمی ہوئے ہیں جب کہ کئی ہلاکتوں کا بھی خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ دھماکے کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی ہے۔
مڈل ایسٹ آئی کے مطابق ترکی کے شہر استنبول کے تاریخی بیوگلو ضلع کے استقلال ایونیو میں اتوار کو ایک دھماکہ ہوا ہے جس میں متعدد افراد زخمی ہو گئے ہیں،دھماکے میں ہلاکتوں کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔ واقعے پر پہلے سرکاری بیان میں استنبول کے گورنر علی یرلیکایا نے کہا کہ دھماکہ شام کو چار بج کر 20 منٹ پر استقلال گلی میں ہوا۔ انہوں نے کہا ‘ہماری پولیس، صحت، فائر اور ڈیزاسٹر اینڈ ایمرجنسی مینجمنٹ کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر بھیجی گئی ہیں۔ گورنر کے مطابق دھماکے میں ہلاکتیں بھی ہوئی ہیں، اس حوالے سے جو بھی پیش رفت ہوئی اس کو عوام کے ساتھ شیئر کیا جائے گا۔