وزیر مملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک نے کہا ہے کہ روس سے سستے تیل کی درآمد کے نتیجے میں اس کی قیمتوں میں فوری کمی نہیں ہوگی تاہم ماسکو سے تیل کی سپلائی جاری رہنے کی صورت میں بتدریج کمی دیکھی جائے گی۔
پاکستان انرجی کانفرنس 2023 میں نشر کیے گئے ان کے پہلے سے ریکارڈ شدہ ویڈیو پیغام میں وزیر مملکت نے کہا کہ روس سے تیل کی درآمد اب صرف ایک وعدہ نہیں ہے، یہ صرف بات نہیں ہے بلکہ بحری جہاز عمان پہنچ چکے ہیں اور پاکستان کو سستے روسی تیل کی سپلائی ایک ہفتے میں شروع ہو جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ تیل کے ایک جہاز کی درآمد سے ایندھن کی قیمت پر کوئی فرق نہیں پڑے گا لیکن جب اس کی سپلائی مستقل ہو جائے گی تو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت بتدریج کم ہو جائے گی۔
وزیر مملکت نے کہا کہ حکومت کا ہدف ملک کی خام تیل ضروریات کا ایک تہائی پورا کرنے کے لیے روس سمیت دیگر ممالک و ذرائع سے حاصل سستا تیل استعمال کرنا ہے۔