کچے قیمے کے کباب بنانے کے لیے درکار اجزاء

کباب کا نام لیا جائے اور منہ میں پانی نہ آئے یہ کیسے ہو سکتا ہے، کباب ہر کسی کی مرغوب غذا ہے جسے بنانے کے بہت سے طریقے ہیں، اِنہیں مرغی، بکرے اور گائے کے گوشت سے بنایا جاتا ہے تاہم بڑی عید پر زیادہ تر گائے کے گوشت سے بنے کچے قیمے کے کباب سب سے زیادہ پسند کیے جاتے ہیں۔

کچے قیمے کے کباب بنانے کی مزیدار اور نہایت آسان ریسیپیز درج ذیل ہیں جن سے خواتین فائدہ اٹھا سکتی ہیں۔

کچے قیمے کے کباب بنانے کے لیے درکار اجزاء:

بھنے چنوں کا پاؤڈر 3 چائے کے چمچ،  بیف قیمہ 700 گرام، دھنیا آدھا کپ، کُٹی لال مرچ 1چائے کا چمچ، لال مرچ1چائے کا چمچ، نمک حسبِ ضرورت، بھنا دھنیا 1چائے کا چمچ، بھنا زیرہ 1چائے کا چمچ، ادرک لہسن پیسٹ 1کھانے کا چمچ، پیاز پاؤڈر 1کپ، کچڑی (پپیتا) پاؤڈر 1کھانے کا چمچ، گرم مسالہ آدھا چائے کا چمچ، ہلدی آدھ چائے کا چمچ، سبز مرچ 2-3۔

ترکیب:

ایک چوپر میں بیف قیمہ، نمک، کٹی ہوئی لال مرچ، بھنا زیرہ، بھنا ثابت دھنیا، کچڑی پاؤڈر، لال مرچ، گرم مصالحہ، ہلدی،کھانے کا تیل ڈالیں اور اچھی طرح سے بلینڈ کر لیں۔

اب ایک برتن لیں اس میں بلینڈ کیا ہوا مکسچر، پیاز، ادرک لہسن پیسٹ، بھنے چنے کا پاؤڈر، سبز مرچ دھنیا ڈالیں اور اچھی طرح مکس کر لیں۔

پھر ایک گھنٹے کے لئے فریج میں رکھ میں دیں۔

ہاتھوں پر پانی یا آئل لگالیں پھر تھوڑا سا مکسچر لیں۔ 

پتلے اور تھوڑے بڑے کباب بنائیں کیونکہ کباب فرائی کرتے وقت سکڑ جاتے ہیں، اب ایک فرائی پین لیں اور اب کبابوں کو ہلکی آنچ پر براؤن ہونے تک فرائی کریں۔

کباب کو زیادہ سکڑنے سے بچانے کے لیے کم آئل استعمال کریں۔

دوسری ریسیپی 

قیمہ ایک کلو، لال مرچ (کٹی ہوئی) ایک چائے کا چمچ، کالی مرچ موٹی پسی ہوئی آدھا چائے کا چمچ،ثابت دھنیا بھنا ہوا یا موٹا پسا ہوا دو چائے کے چمچ، سفید زیرہ بھنا باریک پسا ہوا چار چائے کے چمچے، انار دانہ گرم پانی میں تر پسا ہوا چار کھانے کے چمچے، پیاز باریک کٹی ہوئی آملیٹ کی طرح ایک عدد، ہرا دھنیا، پو دینہ باریک کٹا ہوا آدھی گٹھی، نمک حسب ذائقہ، انڈا ایک عدد، تیل یا گھی حسب ضرورت۔

ترکیب:

سارا مسالہ اچھی طرح ملا کر پندرہ سے بیس منٹ کے لیے رکھ دیں پھر کباب بنا لیں اور بہت ہلکی آنچ پر فرائی کر لیں۔