سعودی عرب کے شاہ سلمان ہیومینیٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر نے پاکستان میں 2024-2023 کے لیے فوڈ سکیورٹی پروجیکٹ کا آغاز کیا ہے جس کے تحت 40 اضلاع میں 7 لاکھ 35 ہزار افراد کو بنیادی خوراک فراہم کی جائے گی۔
پراجیکٹ کا افتتاح بدھ کے روز سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی اور پاکستان کے وزیر برائے مذہبی امور سینیٹر طلحہ محمود نے کیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے نواف بن سعید المالکی نے کہا کہ فوڈ سکیورٹی پروجیکٹ سعودی عرب کا برادر ملک پاکستان اور اس کے عوام کے لیے ایک تحفہ ہے اور سعودی عرب پاکستان اور پاکستانی عوام کی مدد کرتا رہے گا۔
انہوں نے اس موقع پر پاکستانی عوام کی سعودی عرب اور شاہ سلمان سے وابستگی کو بھی سراہا۔
فوڈ سکیورٹی پراجیکٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مذہبی امور نے کہا کہ سعودی عرب نے ہمیشہ ضرورت کے وقت پاکستان اور اس کے عوام کی مدد کی اور ضرورت میں مدد کی۔
’یہ فوڈ سکیورٹی پروجیکٹ سیلاب کے بعد پاکستانی عوام کو درپیش خوراک کی کمی کے خاتمے کے لیے کافی معاون ثابت ہو گا۔‘
سینیٹر طلحہ محمود کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے برادرانہ تعلقات ہمیشہ قائم رہیں گے اور پھلے پھولیں گے۔
انہوں نے شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے وژن اور قائدانہ کردار کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔