متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم پاکستان) کےکنوینر خالد مقبول صدیقی کا کہنا ہےکہ نئی مردم شماری ہماری کوششوں سے منظور ہوئی، مزید موقع ملا تو باقی کسر بھی نکالیں گے،کراچی کی آبادی 3 کروڑ گنوائیں گے۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کنوینر ایم کیو ایم پاکستان ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ کہ آج ایم کیو ایم کا مطالبہ تسلیم کیا گیا اور فوری مردم شماری منظور کی گئی، ایم کیو ایم کی دوسری کامیابی یہ ہےکہ نئے انتخابات نئی مردم شماری پر ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ 8 اپریل کو یہ اعلان ہوا کہ کراچی کی 98 فیصد آبادی گن لی گئی، اتنے بڑے شہر کی پچھلی مردم شماری کے مقابلے میں 20 لاکھ آبادی کم ہوگئی اور کراچی کی آبادی ایک کروڑ 35 لاکھ دکھائی گئی تھی جو اب 2 کروڑ 5 لاکھ ہے۔
خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھاکہ 4 مہینے میں آبادی کا اضافہ 70 لاکھ ہوا، ایم کیو ایم پاکستان نے اپنا مقدمہ جیت لیا ہے۔
اس موقع پر ڈاکٹر فاروق ستار کاکہنا تھا کہ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی سربراہی میں ایم کیوایم پاکستان نے مردم شماری کی بھرپور چوکیداری کی، ایم کیوایم پاکستان کا فوکس صرف یہی رہا کہ کراچی کی لاپتہ گمشدہ آبادی کو بازیاب کرائیں۔S