زلزلےکا خدشہ، کوئٹہ میں کان کنی پر پابندی عائد کر دی گئی۔ اس حوالے سے اسسٹنٹ کمشنر کی جانب سے ضلع میں کان کنی پر پابندی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق 2 روز تک کان کنوں کو کانوں میں جانےکی اجازت نہیں ہوگی، 2 روز کے دوران کسی بھی نقصان کی ذمہ داری کان مالک یا ٹھیکیدار پر ہوگی۔واضح رہے کہ ایک پریس ریلیز کوئٹہ ڈویژن کے کمشنر محمد حمزہ شفقات کی جانب سے جاری کی جس میں انہوں نے حفاظتی تدابیر بھی بیان کی ہیں۔ اس حوالے سے نگران صوبائی وزیر جان اچکزئی کا کہنا تھا کہ ہماری ایمرجنسی سروسز بشمول ایم ای آر سی، پی ڈی ایم اے، آرمی، ایف سیِ سول انتظامیہ، لیویز، پولیس، فائر بریگیڈ اور میڈیکل ٹیمیں کسی بھی ایمرجنسی کی صورت حال سے نمٹنے کے لیے پوری طرح تیار ہیں اور 24 گھنٹے صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔صوبائی وزیر اطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ نگران صوبائی حکومت پہلے ہی غیر قانونی تعمیرات کے خلاف ایکشن جاری رکھے ہوئے ہے، کیونکہ بلڈنگز کوڈ کے خلاف اور نالوں و کاریزات پر تعمیرات کو ایسی صورتحال میں خطرات درپیش ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے شہریوں سے کہا کہ وہ پر سکون رہیں اور مستند ذرائع سے خود کو باخبر رکھیں اور ایمرجنسی کی صورت میں حکومت کی جانب سے جاری کیے گئے حفاظتی اقدامات پر عمل کریں
