پاکستان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بورڈ آف پیس کے جال میں نہ اُلجھے

اسلام آباد——نائب امیر جماعتِ اسلامی، سیکرٹری جنرل مِلی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے اسلام آباد، فیصل آباد اور لاہور میں سیاسی مشاورت میں مخطاب کرتے ہوئے کہا کہ 5 فروری یکجہتی کشمیر قومی، ایمانی اور کشمیریوں سے والہانہ عقیدت کے جذبوں کے ساتھ منایا جائے گا۔ کشمیر اور فلسطین میں یہود و ہنود کے ظالمانہ، فاسقانہ کردار کے خلاف پاکستان کے مسلم اور غیرمسلم کشمیریوں اور فلسطینیوں سے یکجہتی کا اظہار کریں گے۔ ملک میں سیاسی استحکام ہی تمام بحرانوں کا علاج ہے، وزیراعظم میاں شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سیّد عاصم مُنیر مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے مضبوط، مؤثر، فعال اور قومی اتفاقِ رائے پر مبنی کشمیر پالیسی طے کریں۔ پاکستان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بورڈ آف پیس کے جال میں نہ اُلجھے بلکہ عالمِ اسلام کے اتحاد کے لئے کام کرے۔ ترکی میں امریکہ، ایران مذاکرات میں پاکستان کی شرکت اچھا اقدام ہوگا۔ ایران کے حالات کی خرابی سے براہِ راست پاکستان متاثر ہوتا ہے، امریکہ-ایران مذاکرات میں شامل مسلم ممالک کے قائدین پاکستان, ایران اور افغانستان کے تعلقات کو بہتر بنانے کے لئے بھی کردار ادا کریں۔ افغانستان کے حالات کی خرابی کے لئے امریکہ، انڈیا اور اسرائیل اسٹریٹیجک بنیادوں پر ایک پیج پر ہیں۔
لیاقت بلوچ نے کہا کہ کراچی میں عوام کے فقیدالمثال احتجاج نے سندھ میں پاکستان پیپلز پارٹی کے ناجائز قبضہ، سیاسی تسلّط کے خاتمہ کا بگل بجادیا ہے۔ کراچی کو بحرانوں سے نجات دِلانے کے لئے پی ٹی آئی، جے یو آئی اور مسلم لیگ کے ممبرز میٹروپولیٹن کارپوریشن ناجائز مُسلط میئر کراچی کی نااہلی، ناکامی عوام دشمنی کی چارج شیٹ پر مبنی جماعت اسلامی کے عدم اعتماد کی تحریک کا ساتھ دیں۔ بلاول بھٹو زرداری کا کراچی پر جیالا میئر لانے کا خواب اور ناجائز بنیادوں پر میئر مسلّط کرنے کا اقدام کراچی کے لئے عذاب بن گیا ہے۔ کراچی کے عوام حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں متحد اور پُراُمید ہیں۔
لیاقت بلوچ نے لاہور میں بلوچستان کے تاجر رہنماؤں، زیرِتعلیم طلبہ و طالبات کے وفد اور بلوچ کونسل کے رہنماؤں سے ملاقات میں کہا کہ ملک پر مسلّط ظلم کے نظام سے ملک کے عوام تنگ اور بےزار ہیں۔ غربت، بےروزگاری، بدامنی، انسانی حقوق کی پامالی سے پورے ملک کے عوام کے مشترکہ مسائل ہیں۔ سیاسی جمہوری پُرامن مزاحمت عوام کا آئینی جمہوری حق ہے۔ ریاست کے خلاف ہتھیار اُٹھانا، پاکستان دشمن قوتوں سے توقعات رکھنا خود بلوچستان کے عوام کے لئے بڑی مشکلات کا باعث بن گیا ہے۔ جماعتِ اسلامی کی ‘بدل دو نظام’ تحریک کا بلوچستان کے نوجوان، طلبہ و طالبات حصہ بن جائیں، پُرامن عوامی جمہوری سیاسی مزاحمت ہی بلوچستان کے عوام کے حقوق کی ضامن ہے۔ وزیراعظم میاں شہباز شریف بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں امن کی بحالی، بیرونی مداخلت کے سدّباب کے لئے قومی اتفاقِ رائے سے قومی ایکشن پلان بنائیں