قرآن کریم کتابِ انقلاب اور لاریب منشورِ حیات ہے، سراج الحق

اسلام آباد — سابق امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ قرآن کریم کتابِ انقلاب اور لاریب منشورِ حیات ہے۔ قرآن مجید انسان کو یہ درس دیتا ہے کہ زمینی آقاؤں کے سامنے سینہ سپر ہوکر کلمۂ حق بلند کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ تفہیم القرآن میں منعقدہ رمضان کیمپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں ملک بھر سے مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں نے شریک ہیں۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی اسلام آباد نصراللہ رندھاوا، سیکرٹری جنرل زبیر صفدر اور ڈائریکٹر جامعہ طیب صدیقی سمیت دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔ سراج الحق نے کہا کہ قرآن مجید نے انسان کے دل کو مخاطب کیا ہے اور دل کو انسانی زندگی میں مرکزی حیثیت حاصل ہے۔ اگر دل درست ہو تو انسان کی سوچ، کردار اور فیصلے بھی درست سمت اختیار کرتے ہیں، اور اگر دل میں بگاڑ پیدا ہوجائے تو انسان خیر و شر میں تمیز کھو بیٹھتا ہے۔ اسی لیے قرآن دل کی اصلاح، تزکیۂ نفس اور باطن کی پاکیزگی پر زور دیتا ہے تاکہ انسان اللہ کی رضا کے مطابق زندگی گزار سکے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک دراصل دلوں کو منور کرنے، خود احتسابی اور صبر و استقامت کے ذریعے اپنی زندگیوں کو قرآن کی تعلیمات کے سانچے میں ڈھالنے کا مہینہ ہے۔سراج الحق نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ قرآن و سنت کی تعلیمات کو اپنی زندگیوں کا مرکز بنائیں اور معاشرے میں مثبت تبدیلی کے لیے فعال کردار ادا کریں۔