متوفی شہریوں کے 42 لاکھ شناختی کارڈ منسوخ

قومی شناختی نظام کو مزید مؤثر اور درست بنانے کے لیے نادرا نے بڑا اقدام کرتے ہوئے متوفی شہریوں کے 42 لاکھ شناختی کارڈ منسوخ کر دیے ہیں۔ یہ کارروائی سول رجسٹریشن ریکارڈ اور قومی شہری ڈیٹا بیس کے درمیان مطابقت مکمل ہونے کے بعد کی گئی۔

نادرا کے مطابق متعدد لواحقین نے اپنے عزیزوں کی وفات کا اندراج تو یونین کونسل یا صوبائی اداروں میں کرا دیا تھا، تاہم نادرا کے ریکارڈ میں یہ معلومات اپ ڈیٹ نہیں ہو سکی تھیں، جس کے باعث شناختی کارڈ فعال رہے۔

نادرا آرڈیننس اور شناختی کارڈ رولز کے تحت یہ کارڈز منسوخ کیے گئے۔ ادارے کے مطابق حالیہ مہم کے دوران 30 لاکھ متوفی افراد کے شناختی کارڈ لواحقین نے خود منسوخ کرائے جبکہ باقی کارڈز سول رجسٹریشن ڈیٹا کی بنیاد پر غیر فعال کیے گئے۔

نادرا نے واضح کیا ہے کہ اگر کسی شہری کا شناختی کارڈ غلطی سے منسوخ ہو جائے تو متعلقہ یونین کونسل میں ریکارڈ درست کرا کے نادرا میں اپ ڈیٹ کروایا جا سکتا ہے۔

ادارے کے مطابق 1 کروڑ 40 لاکھ بچوں کی پیدائش کا اندراج یونین کونسل میں ہو چکا ہے لیکن نادرا میں نہیں ہوا۔ اس سلسلے میں والدین کو ایس ایم ایس کے ذریعے آگاہ کیا جا رہا ہے اور انہیں جلد از جلد بچوں کے ب فارم بنوانے کی ہدایت کی گئی ہے۔